سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس 70 فیصد ٹیم مشرف کی ہے ‘ حکومت کے پاس عددی اکثریت نہیں‘ آج ایم کیو ایم چلی جائے تو حکومت کا خدا حافظ ہے‘ پنجاب حکومت کا بھی یہی حال ہے‘نوازشریف کے بعد اسٹاک مارکیٹ گررہی ہے‘بھینسیں اور گاڑیاں نیلام کرنے سے معیشت مضبوط نہیں ہوگی ‘آئین کی بالادستی ختم ہوتی نظرآرہی ہے‘تیس سال میں ایسا الیکشن نہیں دیکھا‘ ادارے اپنی حدود میں رہیں گے تو ملک کو کوئی مسئلہ نہیں‘ اگر عدلیہ پر دباؤڈال کر مرضی کے فیصلے کرائے جائیں تو وہ خطرناک ہوتے ہیں‘عدلیہ اگر ایگزیکٹیو کے کام کرکے لوگوں کو نکالنا شروع کردے تو نقصان دہ ہے۔وہ ہائی کورٹ بار سکھر میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کوصرف ایک الزام پرگرفتار کیا گیا ہے‘ عمران خان کہتے تھے کہ آئی ایم ایف جانے سے بہتر ہے خودکشی کرلوں، آج ان کے غیر سنجیدہ بیانات کا مذاق اڑایا جارہا ہے‘ موجودہ سیاسی صورتحال ملکی معیشت پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہے‘ دو مہینوں میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ‘ لوگ کنگلے ہوگئے ہیں‘ صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جا رہی ہے‘معیشت تباہ ہوچکی ،ڈالر 135روپے تک جاپہنچا۔