• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پارٹی‘‘ کا لفظ ہر ایک کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیردیتا ہے کیونکہ اس کا مقصد اچھی گیدرنگ، خوبصورت ملبوسات،لذیذ کھانے اور ہلاّگلاّ ہے۔ عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ شام کا ایونٹ ہوتو خواتین میک اَپ لک سے متعلق خاصی کنفیوژ نظر آتی ہیں۔ کہیں آپ بھی خوشیاں بکھیرتی تقریب کے میک اَپ کے لیے کنفیوژ تو نہیںہوتیں؟ میک اَپ لائٹ ہو یا ڈارک، اس بات کا فیصلہ آپ کے لباس کا رنگ کرتا ہے لیکن شام کی تقریبا ت کے لیے میک اَپ کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کیونکہ شام کا میک اَپ صبح کی تقریبا ت سے قدرے مختلف ہوتا ہےاور میک اَپ لُک میں یہ تبدیلی آپ کے مزاج اور شخصیت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہے۔ لہٰذا وقت، موسم اور موقع کی مناسبت سے سجیں سنوریں اور اپنی شخصیت کو ایک نیا دلکش انداز دیں اور یہ انداز آپ کو کیسے دینا ہے، آئیے اس پر بات کرتے ہیں۔

4اسٹیپ بیس

ہمارے ہاں اکثر خواتین کوبیس کے استعمال کااصل مقصد معلوم نہیں، زیادہ ترخواتین بیس کااستعمال گورا نظر آنے کے لئے کرتی ہیں، یہ تصور قطعاََ درست نہیں۔ بیس یہ ذہن میں رکھ کر لگائیں کہ آپ نے بیس کا استعمال چہرے کے خدوخال ابھارنےکے لیے کرنا ہے، نہ کہ رنگ گورا کرنے کے لیے۔ شام کے میک اَپ کے لیے 4اسٹیپ بیس کاانتخاب بھی کیا جاسکتا ہے۔

٭ پہلا مرحلہ پرائمر کا ہے، جِلد کو نرم و ملائم رکھنے کے لیے معیاری پرائمر لگائیں، پانچ منٹ انتظار کریں تاکہ یہ پرائمر آپ کی جِلد میں اچھی طرح سے جذب ہوجائے۔ پرائمر کی مقدار کا خاص خیال رکھیں، اگر یہ زیادہ لگ جائے تو ٹشو سے صاف کرلیں۔

٭دوسرا مرحلہ فاؤنڈیشن کا ہے، اس کے لیے اسفنج کا استعمال کریںجو قدرے گیلا ہو۔ ایک اچھے فاؤنڈیشن کو میک اَپ کی بنیاد تسلیم کیا جاتا ہے۔ فاؤنڈیشن یا بیس جو بھی آپ کی جِلد کی ساخت کے مطابق ہو ہاتھ کی ہتھیلی پر رکھیں، چہرے کے درمیان سے شروع کریں اور باہر کی طرف لگائیں، ٹھوڑی اور گالوں پر بھی اچھی طرح لگائیںمگر خیال رہے کہ جِلد پربیس کی تہہ نہ چڑھےبلکہ اس کاتاثر ہلکا پھلکا سارہے۔

٭تیسرا مرحلہ کنسیلر کا ہے لیکن اگر آپ کا چہرہ داغ دھبوں سے پاک ہے تو کنسیلر کی ضرورت نہیں لیکن اگر جِلد پر داغ دھبے ہیں تو انھیں کنسیلر سے چھپانا ضروری ہے۔

٭ بلشر کا استعمال میک اَپ فنشگ کے طور پر کیا جاتا ہے ۔ کنپٹی کے پاس سے شروع کر کے گال کی ہڈی تک لائیں مگر جیسے جیسے ہڈی کی طرف جائیںشیڈ کو ہلکا کرتی جائیں۔ اس کے علاوہ چہرے کے خدوخال کو ہائی لائٹ کرنے کے لئے اگر آپ لائٹ براؤن کلر کا ہائی لائٹر استعمال کریں تو بھی مناسب رہے گا۔

بولڈ لپ اسٹک کلرز

شام کی تقریبات کیلئے لائٹ کے بجائے ڈارک لپ اسٹک کلرز کا انتخاب کریں۔ اگر آپ کا آئی میک اَپ لائٹ ہے تو ڈارک لپ اسٹک اس کیلئے بہترین ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ ایک ہی شیڈ میں لپ اسٹک لگانے کے بجائے 2یا 3شیڈ ملاکر بھی کوئی منفرد شیڈ بنایا جاسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کا آئی میک اَپ ڈارک ہے تو لائٹ لپ اسٹک لگانے کی کوشش کریں ۔

آئی میک اَپ

بیوٹی ایکسپرٹ کے مطابق دن کیلئے لائٹ میک اَپ زیادہ مناسب رہتا ہے لیکن شام کی تقریبات کیلئے ڈارک آئی شیڈو کلرز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔مثلاََ شمری (Shimmery)، گلیٹر اور اسموکی آئی میک اَپ میں سے کسی بھی ایک کا انتخاب کیا جاسکتا ہے لیکن اگر ٹرینڈز کی بات کی جائے تو ان دنوں خواتین میں گلیٹر آئی میک اَپ زیادہ مقبول ہے۔ گلیٹر کا انتخاب تقریب کی مناسبت سے کیا جانا چاہیے مثلاً اگر عام تقریب میں جانا ہےتوگولڈن گلیٹر کو لان یا کاٹن کے سوٹ کے ساتھ لگایا جائے تو یہ آپ کی تیاری میں شاہانہ انداز کی جھلک پیدا کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ گلیٹر لائنر بھی ان دنوں خواتین میں خاصے مقبول ہیں۔ اگر شادی بیاہ کی تقریب ہے تو گلیٹر کے مختلف رنگوں کو ملا کر بھی بہترین شیڈز ترتیب دیے جاسکتے ہیں مثلاً سلور،پنک اور پرپل رنگوں سے مزین آئی میک اَپ منفرد اور خوبصورت انداز فراہم کرنے کیلئے بہترین ہے۔

کنٹورنگ

چہرے کے خدوخال اور بناوٹ میں مزید خوبصورتی پیدا کرنے کے لیے کنٹورنگ کا ستعمال کیا جاتا ہے مثلاً اگر آپ چاہتی ہیں میک اَپ کے بعد آپ کا چہرہ پتلا، لمبا یا پھر ناک پتلی نظر آئےتو اس کے لیے کنٹورنگ کریں۔ لیکن ایک بہترین پارٹی میک اَپ لک کے لیےڈارک کنٹورنگ سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ کنٹورنگ کے لیے زیادہ گہرے شیڈز کا استعمال چہرے پر برا تاثر چھوڑتا ہے۔

تازہ ترین