خوبصورت، تروتازہ، بے داغ اور چمکتی جِلد ہر موسم، ہر وقت اور ہر موقع کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ میک اَپ کرتے وقت آپ کو فاؤنڈیشن کی ضرورت ہی محسوس نہ ہو، تو اس کے لیے آپ کو اپنے اچھے جینز(Genes) اور مؤثر اِسکن کیئر پراڈکٹس کے علاوہ، کچھ اور بھی کرنے کی ضرورت ہے۔ جِلد کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اچھی جِلد کی ابتدا، اچھی اور صحت بخش خوراک سے ہوتی ہے۔
کہنے کی حد تک تو یہ بہت ہی آسان بات معلوم ہوتی ہے، تاہم اس کیلئے آپ کو بے داغ جِلد کیلئے بہترین غذاؤں کی فہرست ترتیب دے کر گراسری اسٹور جاناپڑے گا اور اس کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کی خریداری کرنا پڑے گی۔ اس کیلئے ظاہر ہے، ایک ماہرِ جِلد (Dermatologist) ہی آپ کی رہنمائی کرسکتا ہے، تاہم آپ کی رہنمائی اور آسانی کیلئے یہ کام ہم نے ہی انجام دینے کی ٹھانی ہے۔ آئیے ماہرینِ جِلد سے جانتے ہیں۔
غذا جِلد پر کیسے اثرانداز ہوتی ہے؟
ڈاکٹر جیسیکا وو، ایک مشہور و معروف ماہرِ جِلد ہیں، انھوں نے Feed Your Face کے نام سے ایک گائیڈ بُک بھی لکھی ہے۔ ڈاکٹر جیسیکا کہتی ہیں کہ، جب خواتین ان کے پاس اپنے جِلدی امراض یا مسائل لے کر آتی ہیں تو وہ انھیں سب سے پہلی بات یہ بتاتی ہیں کہ ، صحت مند اور بے داغ جِلد کے لیے، وہ جو غذائیں کھاتی ہیں، وہ اتنی ہی اہم اور مؤثر ہیں، جتنی کہ وہ مختلف پراڈکٹس اپنی جِلد پر استعمال کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ آپ جوغذا کھاتی ہیں، وہ ہضم ہونے کے عمل میں مختلف وٹامنز، منرلز اور اَمینو ایسڈز میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ یہ تمام اجزاء، ہمارا جسم استعمال کرتا ہے اور یہی چیزیں ایک صحت مند جِلد کی بنیاد رکھتی ہیں اور اس کی صحت بحال رکھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’اگر آپ صرف پیٹ بھرنے کے لیے کھانا کھائیں گی، یا پراسیسڈ غذائیں کھائیں گی، تو اس سے آپ کی جِلد اتنی مضبوط اور لچکدار نہیں رہے گی، جتنی کہ رہنی چاہیے۔ مثلاً، اگر آپ پروٹین نہیں لے رہیں، تو آپ اپنی جِلد کواَمینو ایسڈز سے محروم کررہی ہیں‘۔ اَمینو ایسڈز کی ہماری جِلد کے لیے اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ ہماری جِلد میں کولاجن (جو جِلد کو مضبوط بناتے ہیں) اور لچکدار خلیے (جو جِلد کو لچکدار رکھتے ہیں) بناتے ہیں۔
شوگر سے پرہیز کیوں ضروری؟
ایلیکس کاسپرو، برطانیہ کی رجسٹرڈ غذائی ماہر(Dietitian)ہیں، وہ کہتی ہیں کہ اگر آپ کی جِلد ایکنی سے متاثر ہے اور اس پر بار بار ایکنی نکل آتی ہے تو آپ کو ایسی غذائیں استعمال کرنی چاہئیں جو کم Glycemicکی حامل ہوں۔ ایک گلائسیمک انڈیکس ہوتا ہے، جو کاربوہائیڈریٹس والی غذائیں استعمال کرنے کے بعد ہمارے خون میں گلوکوز کی سطح کا تعین کرتا ہے۔’میں اپنے کلائنٹس کو ایسی چیزوں سے پرہیز کرنے کا کہتی ہوں، جو ہمارے جسم اور خون میں گلوکوز کی سطح بڑھانے کی وجہ بنتے ہیں۔ اس کے بجائے میں انھیں غذائیت سے بھرپور اشیا جیسے پھل، سبزیاں اور اومیگا-3والی غذائیں کھانے کا مشورہ دیتی ہوں‘۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’پروٹین بار‘ آ پ کی جِلد کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ پروٹین بار بنیادی طور پر ایک کینڈی بار کی طرح ہوتے ہیں۔ اس سے نکلنے والی شوگر جلد ہی آپ کے خون میں شامل ہوجاتی ہے اور آپ کا اِنسولین لیول بڑھ جاتا ہے، جس سے آپ کی جِلد پر ایکنی، جھریوںاور سوزش کی صورتحال مزید بگڑ جاتی ہے۔ ’اگر آپ کو دن میں کسی بھی وقت یا ورک آؤٹ کے فوری بعد اسنیک کی طلب محسوس ہو تو بہتر ہے کہ آپ مٹھی بھر بادام یا تازہ پھل کھالیں۔ آپ اپنی جِلدکے لیے بہتر کھائیں، آپ بہت اطمینان محسوس کریں گی‘۔
ڈیری مصنوعات
ایلیکس کاسپرو کہتی ہیں کہ ہرچندکہ سائنسی بنیادوں پر ڈیری مصنوعات کے اوسط سے زائد استعمال کا جِلد پر ہونے والے اثرات سے براہِ راست تعلق ثابت شدہ نہیں، تاہم وہ اپنے کلائنٹس کو بہتر جِلد کے لیے ڈیری مصنوعات ترک کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ ’میرے کلائنٹس جب ڈیری مصنوعات کا استعمال ترک کردیتے ہیں تو اس سے ان کی جِلد پر انتہائی مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ میری رائے یہ ہے کہ ڈیری مصنوعات سے ہارمون لیول بڑھ جاتا ہے، جو جِلد میں Sebumنامی رطوبت کی اضافی پیداوار کا باعث بنتا ہے، اور جِلد پر ایکنی ہوجاتی ہے‘۔
چمکدار جِلد کیلئے غذائیں
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ جِلدکے لیے بہترین غذا مختلف رنگوں کی سبزیاں کھانے اور گرین جوس میں پوشیدہ ہے، جن کا آپ کو روزانہ استعمال کرنا چاہیے۔ ایواکاڈو جِلد کے لیے ایک اور بہترین چیز ہے۔ ’میں اپنی کلائنٹس کو مشورہ دیتی ہوں کہ وہ اپنی روز مرہ غذا میں ایواکاڈو کو بطور سلاد شامل کریں، یا پھر اپنی مارننگ اسموتھی میں ایواکاڈو کا آدھا حصہ ڈال دیا کریں۔ ایواکاڈو آپ کی جِلد کو انتہائی صحت مند فیٹس اور قدرتی کیمیکل فراہم کرتا ہے‘۔
ایک اور ماہر جِلد جوانا ورگاس کہتی ہیں کہ مختلف رنگوں والی سبزیوں میں لال (خصوصاً ٹماٹر)، پیلی اور ہری سبزیاں اہم ہیں۔ ٹماٹر، جِلد پر دھوپ کے اثرات کو کم کرتا ہے۔ سبزی کا رنگ جتنا زیادہ گہرا ہوگا، اتنا ہی زیادہ فائدہ ہوگا۔ ہرے رنگ کی سبزیوں میں بند گوبھی اور پالک کے فوائد بے شمار ہیں۔ آپ پانی بھی پیتی رہیں، اچھی ہائیڈریشن جِلد سے نقصان دہ مادوں کو خارج کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اپنی غذا میں محدود پیمانے پر کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین کو بھی شامل رکھیں، تاکہ آپ کے جسم کو متوازن غذا فراہم ہوتی رہے۔
بونس
صرف سبزیاں اور پھل ہی نہیں، مسالا جات بھی جِلد کے لیے جادوئی اثر رکھتے ہیں، خصوصاً ہلدی کو ہرگز نظرانداز نہ کریں، ہلدی کو مختلف طریقوں سے اپنی غذا میں شامل رکھیں۔