2014 میں جولیانے مور نے ہالی ووڈ سینما کا سب سے بڑا اعزاز یعنی آسکر ایوارڈ فلم ’’اسٹِل ایلس ‘‘میں لاجواب اداکاری کے ذریعے اپنے نام کیا تھا۔ ان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’’ بیل کانتو ‘‘ ہے ،جس کے ٹریلر نے دھوم مچا رکھی ہے۔ جولیانے مور انڈسٹری میں ’’ سوشی فش‘‘ کے نام سے مشہور ہے کیونکہ اس کی جِلد مچھلی کے سفیدگوشت کی طرح بے عیب ہے۔ اب یہ پتہ چلانا رہ گیا تھا کہ وہ واقعی مچھلی کھا کھا کر ایسی ہوگئی ہے یا اس کی جِلد قدرتی طور پر ایسی ہی ہے۔ اس کا اعتراف جولیانے مور نے کرتے ہوئے کہا تھاکہ وہ اور اس کا شوہر سوشی شوق سے کھاتے ہیں۔ آئیے جولیانے کی فٹنس اور جِلد کی خوبصورتی کے راز جانتے ہیں۔
سن اسکرین ، موئسچرائزر اور ریٹینر
جولیانے کو وہ موئسچرائزر پسندہے جس میں SPFہو۔ اور موئسچرائزر میں ہی سن اسکرین ہو تو کیا کہنے !۔بقول جولیانے، ’’یہ بہت آسان ہے ، اگر SPF15ہے تو آپ کو اس میں اپنا SPFمل جاتاہے، ہاں البتہ اگر آپ ساحل سمندر پر ہوں تو پھر یہ کافی نہیں ہوتا۔ رات سونے سے قبل میں آئی کریم ، موئسچرائزر اور ریٹینر ضرورلگاتی ہوں۔ میںنے لوگوں سے سنا ہے کہ میں توہمیشہ ریٹینراستعمال کرتی ہوں ، جی ہاں، شاید ہی کوئی رات ہو جب میں نے اسے استعمال نہ کیا ہو، اگر کسی رات بھول جائوں تو مجھے بہت افسوس ہوتاہے‘‘۔
یوگاہی سے سب کچھ ہوگا
اشتنگا یوگا میں چاہے آپ کھڑے ہو کر آسن کریں یا بیٹھ کر، اس میں اپنے پیروں کو اٹھا کر سرتک لے جانا ہوتاہے اور اس قسم کے یوگا کو جولیانے اپنے لیے بہت اہم سمجھتی ہیں۔ جب وہ تیس کی عمر کے لگ بھگ تھیںتو وقفے وقفے سے یا جب وقت ملےیوگا کرتی تھیں۔ لیکن جب ان کو اپینڈکس ہوا تو اس سے شفایابی میں انہیں کافی وقت لگا تب انہیں احسا س ہوا کہ جسم کو حرکت میں رکھنے میں برکت ہے ، تب سے یوگا ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔ تاہم اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ وہ روازنہ یوگا کرتی ہیں، البتہ ہفتے میں چار دن کا معمول انہوں نے ضرور بنا رکھا ہے۔ جولیانے نے اشتنگا کے کے ساتھ ساتھ آینگر یوگا بھی شروع کردیا ہے، جس میں دونوں ہتھیلیوں کو زمین پر رکھ کر پورے جسم کو ہوا میں معلق رکھنا پڑتاہے۔جولیانے کو ایکوپنکچر بھی پسند ہے اور اگر ان کی کمر میں درد ہورہا ہوتو وہ کائرو پریکٹر ( جو ادویات کے بجائے عضلات کو دباکر علاج کرتے ہیں ) کے پاس بھی جانے کاسوچتی ہیں لیکن یوگا کو ہی بہتر گردانتی ہیں۔ اس کی وجہ سے انہیں کمر درد وغیرہ جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ کانز فلم فیسٹیو ل میں وہ یوگا نہیں کرپاتیں، نیویارک میں ہوتی ہیں تو پیدل بہت چلتی ہیں۔
لپ گلو زیا لپ اسٹک
لپ گلوزکے بجائے جولیانے لپ اسٹک کو پسند کرتی ہیں اور تھوڑی سی لپ اسٹک اپنے گالوں پر لگا کر خوبصورت دوشیزہ بننے کی کوشش کرتی ہیں۔
سیرم یا آئل
جولیانے کی ترجیح آئل ہے ، سیرم شاید ان کی جِلد کو موافق نہیں آتا۔ دیگر خواتین بھلے ہی اسے پسند کرتی ہوں لیکن ان کے چہرے پر سیرم سے زیادہ آئل کام کرتاہے۔
اسموکی آئیز یا سرخ ہونٹ
جولیانے کو اسموکی آئیز پسند ہیں کیونکہ ان کے ہونٹ کچھ خاص نمایاں نہیں ہیں ۔
ریڈ یا نیوڈ مینی کیور
جولیانے کو نیوڈ مینی کیور اس لیے پسند ہے کہ اس سے ان کے پیر قدرتی خوبصورت دکھائی دیتے ہیں اور گہرے رنگ کی نیل پالش لگا سکتی ہیں۔
جولیانے مور کی فلمو گرافی
جولیانے مور کی مشہور فلموںمیں بوگی نائٹس، جراسک پارک:دا لوسٹ ورلڈ( 1997ء) ،منگولیا (1999ء)،ایوولیوشن (2001ء)، دی آورز(2002ء)، چلڈرن آف مین (2006ء)، سِکس سولز (2006ء)،دی ہنگر گیمز موکنگ جے(2014ء)، دا سیونتھ سن (2014ء) اور کنگز مین:دا گولڈن سرکل (2017ء) شامل ہیں۔