• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ملک کے کچھ علاقوں میں سردیوں کا آغاز ہو چکا ہے اور اس موسم میں مچھروں کی افزائش کچھ زیادہ ہی ہوتی ہے۔ اسی لیے خود کو اوراپنے گھر والوں کو ان مچھروں سے محفوظ رکھنے کی تدابیر ہر حال میں کرنی ہوںگی، ورنہ مچھروں کے ذریعے ہونے والی بیماریاں، جیسے ملیریا اور ڈینگی وغیرہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہیں۔ اسی لیے سردیوں میں مچھروں سے بچنے کیلئے سخت احتیاط کرنی پڑتی ہے، خاص طور پر اگر گھر میں چھوٹے بچے موجود ہیں تو انہیں مچھروں سے بچانا ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ 

آج ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتارہے ہیں، جنہیں اپنا کر آپ خود کو اور اپنے اہل خانہ کو مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

ہلکے رنگوں کا استعمال

گہرے یا سیاہ رنگ کے کپڑے مچھروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلکے رنگ مچھروں کو تذبذب میں مبتلا کردیتے ہیں کہ آیا یہ ان کا آسان شکار ثابت ہوسکے گا یا نہیں، وہ ہلکے رنگ کی طرف جھپٹنے سے گریز کرتے ہیں۔

جڑی بوٹیوں کا تیل

مختلف جڑی بوٹیوں سے کشید کیا ہوا تیل مچھروں کو دور بھگانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ان میں پودینہ، لیونڈر، یوکلپٹس، لیمن گراس وغیرہ کا تیل شامل ہے۔ ان اجزا کو ملا کر بنایا جانے والا تیل بھی یکساں نتائج دے گا۔

لمبی آستین پہننا

مچھر کھلے بازوؤں کو سب سے پہلے نشانہ بناتے ہیں۔ اگر آپ ان کے کاٹنے سے بچنا چاہتے ہیں تو لمبی آستین والی قمیض پہنیں۔

گیندا

گیندے کا پودا خوبصورت پھولوں سے سجا ہوتا ہے۔ اس کی خوشبو انسان کیلئے پُرکشش ہوتی ہے مگر مچھروں کیلئے بہت زیادہ ناپسندیدہ۔ گھر کے جس حصے میں مچھر سب سے زیادہ ہوتے ہیں، جیسے کھڑکیاں یا دروازے وغیرہ، وہاں گیندے کا پودا رکھنا مچھروں کو دور رکھنے کیلئے کافی ثابت ہوتا ہے۔

رات کے وقت نکلنے سے گریز

مچھروں کے سیزن میں اندھیرا ہونے کے وقت باہر نکلنے سے گریز کریں کیونکہ یہ وقت مچھروں کے حملے کا ہوتا ہے۔ گھر کے اند ررہیں اور گھر میں جالی دار دروازوں اور کھڑکیوں کا اضافہ کریں۔

ہوا کی آمد و رفت میں اضافہ

دن کے وقت کھڑکیاں کھلی رکھیں، پردے ہٹا دیں، تاکہ دھوپ اندر آسکے۔ بند جگہوں پر مچھر گھس آئیں تو انہیں باہر نکالنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کو گھرمیں باغبانی یا گملے رکھنے کا شوق ہے تو آپ ایسے پودے بھی لگا سکتے ہیں، جو نہ صرف آپ کے گھر کو خوشنما بنائیں بلکہ مچھروں کو آپ سے دور رکھنے میں مدد بھی کریں۔

پانی جمع نہ ہونے دیں

اپنے گھر میں یا گھر کے آس پاس کھڑے پانی سے پہلی فرصت میں چھٹکاراحاصل کریں۔ یہ مچھروں کی افزائش کا سب سے موزوں مقام ہے۔ اس کے علاوہ گھر میں ذخیرہ کیے گئے پانی کو ڈھانپ کر رکھیں۔

تلسی کا پودا

یہ پودا دو فٹ کا ہوتا ہے اور بہت ہی کم جگہ گھیرتا ہے لیکن اس کی وجہ سے گھر میں مچھر نہیں آتے۔ آپ اس پودے کی افزائش گملوں میں بآسانی کرسکتے ہیں۔

لونگ کا پودا

اس پودے کی لمبائی 20سے30فٹ تک ہوتی ہے اور یہ 25فٹ تک جگہ گھیرتا ہے۔ اس کی گھر کے قریب یا گھر میں موجودگی سے مچھر بھاگ جاتے ہیں۔آپ اپنے صحن یا گھر کے بیرونی حصے میں اسے لگا سکتے ہیں۔

لیونڈریا نیازبو

لیونڈر، جسے اُردو میں نیازبو کہا جاتا ہے، دو سے تین فٹ جگہ گھیرتا ہے اور گملے میں بھی لگایا جاسکتا ہے۔اس کی خوشبو کی وجہ سے گھر بھی مہکتا ہے اورمچھر بھی نہیں آتے۔

لیمن بام

لیمن بام، جو دو فٹ کا پودا ہے، صرف ڈیڑھ فٹ جگہ میں اُگایا جاسکتا ہے۔ اس کو گھر میں لگانے سے مچھروں سے بھی بچاجاسکتا ہے۔

لیمن گراس

دو سے تین فٹ لمبا اور چار فٹ جگہ گھیرنے والا لیمن گراس کا پودا آپ کو مچھروں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اسے کسی سایہ دار جگہ رکھنے سے بہت اچھے نتائج ملتے ہیں۔

پیپرمنٹ یا پودینہ

پیپرمنٹ یا پودینہ گھر میں لگانے سے گھر بھی مہکے گا اور مچھر بھی نہیں آئیں گے۔ یہ بآسانی کسی بھی گملے میں لگایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین