• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیونگ روم ہو یا ڈرائنگ روم، صوفہ سیٹ اور کافی ٹیبل کے بغیر جچتا نہیں۔ چائے کافی پینے کے شیدائی کافی ٹیبل کی اہمیت سے لازماً واقف ہوتے ہیں ۔کافی ٹیبل کا مقصدیہ نہیں کہ مارکیٹ سے اسٹائلش یا مہنگی ٹیبل خرید کر لیونگ روم میں صوفہ سیٹ کے بیچ میں رکھ دی جائے بلکہ ایک عام سی ٹیبل کو بھی اگر سلیقے سے سجایا جائے تویہ ٹیبل پورے کمرے کی ڈیکوریشن پر اثر انداز ہوسکتی ہے ۔جتنی خوبصورتی اور سلیقے کے ساتھ کافی ٹیبل سجائی جائے گی، اتنا ہی مہمان آپ کے جمالیاتی ذوق سے متاثر ہوں گے ۔

کافی ٹیبل کے مختلف انداز

امریکن آرٹسٹ سارہ گرین مین کافی ٹیبل کی سجاوٹ کو ایک آرٹ سے تشبیہ دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کافی ٹیبل آپ کے لیونگ روم میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ اسی طرح لیونگ روم میں توجہ کا مرکز اگر کافی ٹیبل کو کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ کافی ٹیبل کی سجاوٹ سے قبل سب سے پہلا کام ٹیبل اسٹائل معلوم کرنا ہے ۔مارکیٹ میں کافی ٹیبل کے مختلف انداز دستیاب ہیں مثلا ًان دنوں گلیم،انڈسٹریل اور بوہمیان کافی ٹیبل اسٹائل کارجحان عام ہے، یہ مختلف انداز اور مختلف طرزِ سجاوٹ مانگتے ہیں ۔مثال کے طور پرگلیم اسٹائل کافی ٹیبل پر میٹل سے تیار چھوٹے گلدان کے بجائے تھوڑے بڑے سائز کے گلدان بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے لیونگ روم میں کافی ٹیبل کی سجاوٹ کے لیے کسی بھی چیز یا ڈیکوریشن پیس کا انتخاب کافی ٹیبل کے اسٹائل کو پیش نظر رکھ کرکریں۔

ٹیبل کو متوازن رکھیں

کافی ٹیبل کی سجاوٹ سے متعلق دوسرا مرحلہ ٹیبل بیلنس یعنی ٹیبل کو متوازن رکھناہے۔ کافی ٹیبل کا دونوں طرف سے متوازن ہونا ضروری ہے، مثال کے طور پر اگر آپ کافی ٹیبل کے ایک سائیڈ پر میگزین یا کتابیں رکھ رہےہیں تو دوسری جانب بھی اتنا ہی وزن رکھیں۔ اگر وزن برابر نہیں ہوگاتو آپ کی کافی ٹیبل ہلکی سی ٹھوکر سے جھولنے لگے گی اور اس طرح آپ کو اپنے خوبصورت گلدانوں یا پھرڈیکوریشن پیسز کی قربانی بھی دینی پڑسکتی ہے۔

گلدان

گلدانوں کے بغیرکافی ٹیبل کی سجاوٹ نامکمل لگتی ہے لیکن کافی ٹیبل کے لیے کسی بھی قسم کے گلدان کا انتخاب کرتے ہوئے ٹیبل کی لمبائی چوڑائی اور اسٹائل کوذہن میں رکھتے ہوئے گلدان کا انتخاب کیجیےمثلاً اگر آپ کے لیونگ روم کے لیے سادہ سی کافی ٹیبل ہے تو اس کے لیے اونچے سائز کے خوبصورت اور کلر فل گلدانوں اور پھولوں کا انتخاب بہترین ثابت ہوسکتا ہےلیکن اگر آپ کی کافی ٹیبل کچھ اسٹائلش سی گلیم طرز کی ہے تو ٹرانسپیرنٹ گلدانوں کے ہمراہ سلک فلاور بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں ۔اگر یہ پھول آرٹیفیشل ہیں تو ان کو سلیقے سے گلدان میں سجاکر یا ٹیبل کے مرکز میں رکھ کر اس کی خوبصورتی بڑھائی جاسکتی ہے۔ انٹیر یر ڈیزائننگ کے ماہر گھر میں آرٹیفیشل فلاور کے بجائےتازہ پھولوں کے استعمال پر زیادہ زور دیتے ہیں۔ ان کے مطابق تازہ پھولوں سے گھر کے کسی بھی حصے کی سجاوٹ اور آرائش ایسا فن ہے، جو خواتین کی سلیقہ مندی کے ساتھ ساتھ ان کے ذوق و جمال کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ پھولوں کے ذریعے گھر میں خوشبو بسیرا کر لیتی ہے، جس سے اہل خانہ سمیت مہمانوں کی طبیعت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کافی ٹیبل ٹرے

ٹیبل کی اسٹائلنگ کے لیے کافی ٹیبل ٹرے کا استعمال بھی خاصاٹرینڈ میںہے۔ کافی ٹیبل کو کچھ لوگ سرونگ ٹرے کے طور پر استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ صرف سجاوٹ کے لیے ٹیبل کےاوپری حصے کے سائز سے کچھ چھوٹی کافی ٹیبل ٹرے منتخب کرتے ہیں۔ اگر آپ کی کافی ٹیبل انڈسٹریل اسٹائل کی ہے تو میٹل ٹرے کا استعمال کیجیے لیکن آپ کی ٹیبل جدید اسٹائل کی ہے تومختلف رنگوں یا پھر پلاسٹک اور میٹل سے تیار ٹرے استعمال کی جاسکتی ہے جبکہbohmianکافی ٹیبل اسٹائل پر شیشے کی ٹرے زیادہ خوبصورت لگتی ہیں۔

ڈیکوریشن پیسز اور موم بتیاں

کافی ٹیبل کی سجاوٹ ہواور ڈیکوریشن پیسز یاڈیکوریشن کینڈل کا ذکر نہ ہو! چھوٹے چھوٹے ڈیکوریشن پیسز کے ذریعے کافی ٹیبل کی شان وشوکت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

٭کافی ٹیبل پرآرائشی پتھر یا کچھ ڈیکوریشن پیسز کے ساتھ چند موم بتیاں لگاکر ڈرائنگ روم کے ماحول میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

٭اگر آپ آرائشی پتھر کا استعمال نہیں کرنا چاہتے تو کینڈل ٹرے میں پودوں کے ہمراہ کینڈل کے ذریعے بھی ڈرائنگ روم کی خوبصورتی بڑھائی جاسکتی ہے۔

٭اگرآپ کے پاس کینڈل ہولڈرنہیں بھی ہے تو آپ صرف موم بتیاں خرید کر ہولڈر کی جگہ گھرمیںموجود پرانی شیشے کی بوتلوں کو ر نگ کرکے کافی ٹیبل کی سجاوٹ کے لیےاستعمال کرسکتے ہیں۔

میگزین اور کتابیں

کافی ٹیبل کی سجاوٹ کے لیے کتابیں اور میگزین رکھنا نہ بھولیں ،پسندیدہ میگزین یا کتابوں کے ذریعے نہ صرف آپ بلکہ آپ کے مہمان بھی کتب بینی کے ذوق سے لطف اندوز ہوسکتے ہیںمیگزین اور کتابوں کےلیے کافی ٹیبل کے اوپری حصے کے علاوہ نچلاحصہ بھی بطور سجاوٹ استعمال کیا جاسکتا ہے، مثلاً اوپری حصے پرتھوڑے فاصلے پر جس طرح سلیقے سے کتابیں رکھی گئی ہیں، اسی طرح نچلی حصے میں بھی رکھی جاسکتی ہیں۔

تازہ ترین