• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رُخ خان کا کندھے کی انجری پر مزاحیہ انداز ، اپ ڈیٹ شیئر کردی

بالی ووڈ کے بادشاہ اور کروڑوں مداحوں کے پسندیدہ اداکار شاہ رُخ خان نے اپنی صحت سے متعلق اپڈیٹ شیئر کر دی۔

 شاہ رُخ خان کو اپنی آنے والی فلم کِنگ کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن سین میں کندھے پر چوٹ لگی تھی، جس کے باعث فلم کی شوٹنگ مؤخر کر دی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کا مرکزی حصہ ایکشن پر مبنی ہے، اس لیے اداکار کی صحت پر کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔

شاہ رُخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے مداحوں کے ساتھ ایک AskSRK# سیشن کے دوران اپنی صحت کے بارے میں بتایا۔

 ایک مداح نے ان سے کندھے کی چوٹ سے متعلق سوال کیا تو کنگ خان نے مزاحیہ انداز میں ہنستے ہوئے جواب دیا کہ شہرت کا بوجھ اچھی طرح اٹھا رہا ہوں، اب بہتری کی طرف جا رہا ہوں، پوچھنے کا شکریہ۔

اسی دوران ایک صارف نے انہیں مذاق کا نشانہ بنایا اور پوچھا کہ اب آپ بازو نہیں پھیلا سکتے تو اپنا آئیکونک پوز کیسے دیں گے؟ ایک اور سوال کیا گیا کہ آپ نے سب سے زیادہ مزاحیہ چیز اپنے کندھے کی انجری کے دوران کیا سنی؟

جس پر شاہ رُخ خان نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی نے کہا ہے کہ اب تو آپ بازو نہیں پھیلا سکتے تو اداکاری کیسے کرو گے۔

 بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رُخ خان نے سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح کے ٹرول پر ایسا جواب دیا جس کا سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہو رہا ہے۔

 صارف نے عمر کا مذاق اڑاتے ہوئے شاہ رُخ خان کو کہا کہ بھائی اب عمر ہوگئی ہے، ریٹائرمنٹ لے لو، دوسرے بچوں کو آگے آنے دو۔

شاہ رُخ خان نے اس ایج شیمنگ کرنے والے ٹرول کو انتہائی برجستہ اور مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ بھائی تیرے سوالوں کا بچپنا جب چلا جائے، پھر کچھ اچھا سا پوچھنا! تب تک عارضی ریٹائرمنٹ میں رہ پلیز۔

شاہ رُخ خان کے اس جواب پر ان کے مداحوں نے بھرپور داد دی اور سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ کنگ خان ہمیشہ اپنی حاضر جوابی سے مخالفین کو لاجواب کر دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہ رُخ خان نے حال ہی میں اپنی فلم جوان پر نیشنل فلم ایوارڈ جیتا ہے، یہ ان کے 33 سالہ کیریئر کا پہلا نیشنل ایوارڈ ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید