اسلام آباد(جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے قائد الطاف حسین کی تقاریر اور تصاویر کو میڈیا میں نشر و شائع کرنے کے حوالے سے پابندی کیخلاف قومی اسمبلی کے باہر مظاہرہ کیا ، متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ کی حمایت میں نعرے لگائے اور پابندی فی الفور ہٹانے کا مطالبہ کیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر و قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین پر پابندی آئین اور جمہوریت کی روح کے منافی ہے ۔ احتجاجی مظاہرے میں ڈپٹی کنوینر و سینیٹر محترمہ نسرین جلیل ،اراکین قومی اسمبلی کنور نوید جمیل ، سفیان یوسف ، اقبال محمد علی ،عبد الوسیم ، سلمان مجاہد بلوچ ، حق پرست مولانا تنویر الحق تھانوی ،سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف ، میاں عتیق ، خوش بخت شجاعت اور دیگر اراکان قومی اسمبلی اور سینیٹر ز ، پنجاب کمیٹی اورآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے بھی شرکت کی۔ حق پرست اراکین سینیٹر اور قومی اسمبلی صبح 11بجے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے جمع ہوگئے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، پلے کارڈز پر قائد تحریک الطاف حسین کی زباں بندی ختم کرنے اور اظہار رائے کی آزادی بحال کرنے پر مشتمل نعرے اور مطالبات جلی حروف میں تحریر تھے ۔