ہالی ووڈ کی فیشن آئیکون سارہ جیسیکا پارکر جب بھی اپنی پسندیدہ چیزوں کے بارے میں لب کھولتی ہیں تو سب ہمہ تن گوش ہو جاتےہیں۔ ان کی حس مزاح بہت مشہور ہے۔ سارہ سےان کی بیوٹی روٹین پوچھو تو کھل کھلا کرکہتی ہیں کہ وہ گیلے بالوں کےساتھ رات کو سوتی ہیں۔لیکن وہ پیشہ ورانہ بیوٹیشن کے ساتھ کام کرتی ہیں، جو ان کی دوست بھی ہیں۔ وہ سارہ کے بالوں کوگھنا اورچمکدار رکھنے کیلئے پیشہ ورانہ مشورے دیتی ہیں۔ سارہ بہترین اور خوبصورت جِلد کے حصول کے لیےبیڈ پر جانے سے پہلے جِلد کی صفائی پر یقین رکھتی ہیں۔ سارہ کے مطابق وہ اپنی جِلد سے متعلق کافی محتاط رہتی ہیں اور دن میں کئی بار چہرہ دھوتی ہیں۔ سارہ اپنی مصروف ترین روٹین سے متعلق ایک سیکریٹ شیئر کرتے ہوئے کہتی ہیں،’’ اگر میں شوٹ سے تھکی ہوئی گھر پہنچوں تواپنے شوہر سے اکثر کہتی ہوں ،آج بہت تھکن ہے فیس واش کرنے کا موڈ نہیں، تو وہ کہتے ہیں آپ کو ضرورت بھی نہیں، لیکن وہ جانتی ہیں کہ چہرے کی صفائی ہی اصل خوبصورتی کا راز ہے‘‘۔یہی نہیں سارہ عام روٹین میں بھی موئسچرائزر اور لپ بام لگائے رکھتی ہیں۔ اپنی بیوٹی سیکریٹس کے حوالے سے سارہ خود پردہ اٹھاتی ہیں۔
اسکن کیئر روٹین
سارہ کہتی ہیں،’’میں اپنی جِلد کی حفاظت کے معاملے میں بہت خراب ہوں، کیونکہ کوئی سا بھی صابن سامنے پڑا ہو میں اسی سے منھ دھو لیتی ہوں اورنہاتے ہوئے شیمپو استعمال کرتی ہوں۔ صبح ہو یا شام، میں سالہا سال سے موئسچرائزر استعمال کررہی ہوں، جوکہ لائٹ ہونے کے ساتھ خوشبو سے پاک ہے اورمیرے چہرے پر چپچپاہٹ پیدا نہیں کرتا‘‘۔ سارہ کا کہنا ہے کہ خواتین جِلد کی کلینزنگ ، موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کرنے کو اپنی روٹین میں شامل کریں۔ اکثر خواتین صرف نوجوانی میں ہی یہ روٹین رکھتی ہیں، اس کے برعکس 30سال کی عمر کے بعد انھیں اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ روزانہ کلینزنگ، موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کی روٹین جِلد کو گرد اور میل کچیل سے پاک کرنے کے ساتھ جِلد کو تروتازہ اور صحت مند بناتی ہے۔
’کیوی‘، عمدہ بالوں کا راز
مخصوص شیمپو استعمال نہ کرنے کے علاوہ سارہ جیسیکا پارکر کیوی فروٹ شوق سے کھاتی ہیں، کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ کیوی بالوں کیلئے بہت مفید ہے۔ کیوی فروٹ میں وٹامن سی اور وٹامن ای کی وافر مقدار ہوتی ہے اور یہ دونوں مل کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ وٹامن سی کی بدولت جسم میں فولاد جذب کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے جب کہ وٹامن ای کھوپڑی میں خون کے بہاؤ میں سہولت پیدا کرتا ہے۔ دن میں ایک کیوی فروٹ کا استعمال بھی کافی ہے۔اس کے علاوہ سارہ مچھلی بھی شوق سے کھاتی ہیں کیونکہ یہ انتہائی مفید غذا ہے۔ بیشتر مچھلیوں میں ’’اومیگا تھری فیٹی ایسڈ‘‘ کہلانے والے پروٹین کی زبردست مقدار ہوتی ہے۔ اومیگا تھری کی بدولت بالوں کی جڑوں میں قدرتی چکنائی موجود رہتی ہے اور یوں بال چمکدار ہوجاتے ہیں۔
میک اَپ
سارہ بتاتی ہیں کہ وہ بہت زیادہ میک اَپ نہیں کرتیں، یہاں تک کہ ان کے پاس فائونڈیشن اورلپ اسٹک بھی نہیں ہے۔ وہCorrecteur Perfection کنسیلر اور لپ گلوز لگاتی ہیں ، جو شفاف اورتھوڑا چمکدار ہوتا ہے۔ انھیں آئی شیڈو لگا نا بھی پسندہے، یہ آسانی سے کسی بھی پروڈکٹ کے ساتھ میل کھاجاتاہے۔ سارہ مسکارا بہت کم لگاتی ہیں لیکن ریڈ کارپٹ کیلئے انھیں اسے ضرور لگانا پڑتا ہے۔
خوشبو
سارہ کہتی ہیں،’’مجھے خوشبو لگا نا بہت پسندہے ۔ میں تو گھر سے خوشبو لگائے بغیر نکلتی ہی نہیں۔ میرے ہر ہینڈ بیگ میں پرفیوم کی بوتل موجود ہوتی ہے۔ دس سال ہوگئے جب ہم نے پرفیوم لانچ کیا تھا۔ اس کا نیا ورژن زیادہ لائٹ اور ریفریشنگ ہے۔ یہ تین چار اقسام میں دستیاب ہے‘‘ ۔
سن اسکرین
سارہ جیسیکاسن اسکرین کے معاملے میں بہت حساس ہیں۔ وہ کہتی ہیں،’’میری جِلد ہی ایسی ہے کہ میں دھوپ میںسن اسکرین کے بغیر نہیں رہ سکتی‘‘۔ سن اسکرین جِلد کو دھوپ کی نقصان دہ شعاؤں سے بچاتا ہے ۔ اگر یہ شعاعیں جِلد پر اثر انداز ہو جائیں تو جِلد پر چھائیاں اور دھبے رونما ہونے لگتے ہیں۔ ان سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ کریم کا استعمال بھی کرسکتی ہیں۔ اگر آپ فاؤنڈیشن استعمال کرتی ہیں تو ایسا فاؤنڈیشن لیں، جس میں ایس پی ایف شامل ہو۔ اس طرح آپ سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔