چہرے کے کسی بھی حصے یا صراحی دار گردن پر پائے جانے والے تل کسی بھی عورت کی خوبصورتی کا پیمانہ مانے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قدرتی طور پر تل کا نشان رکھنے والی اداکاراؤں کو بہت زیاد پسند کیا جاتا ہے۔ اس پسندیدگی کو دیکھتے ہوئے کچھ اداکارائیں چہرے کو خوبصورت اور پُرکشش بنانے کیلئے مصنوعی تل بھی لگاتی ہیں۔ آج ہم اپنی تحریر میں قارئین کو قدرتی تل کے حوالے سے شہرت پانے والی ہالی ووڈ اسٹارز کے بارے میں بتانے جارہے ہیں۔
سنڈی کرافورڈ
یہ معروف سپر ماڈل اپنے ہونٹوں کے عین اوپر نمایاں تل کے باعث بہت زیادہ پہچانی جاتی ہے، جس کے بارے میں کہا گیا کہ جب وہ مسکراتی ہے تو دنیا مسکرا اٹھتی ہے۔ اپنی فٹنس اور دیرپا خوبصورتی کے علاوہ ایک زمانہ ان کے تل کا اسیر رہا۔ خوبصورتی کے اس نشان کے ساتھ وہ دنیا کی خوبصورت ترین خواتین میں شمار ہوتی ہیں۔
مارلن منرو
دنیا، ہالی ووڈ کی اس ماہ جبین کو کبھی نہیں بھلا پائے گی، جس کی دلفریب مسکان اورداہنے رخسار پر تل دیکھ کر سب کے چہرے خوشی سے کھلکھلا اٹھتے تھے۔ آج تک انہیں لافانی خوبصورتی کی مالک اداکارہ مانا جاتا ہے، انہیں سب سے پہلے پُرکشش اداکارہ قرارا دیا گیا تھا۔ انہی کے جیسی مسکان رکھنے والی بالی ووڈ کی مدھو بالا بھی تھیں، جنہیں بالی ووڈ کی مارلن منرو کا خطاب ملا۔
ایوا مینڈیز
امریکی اداکارہ،ماڈل اوربزنس وومن ایوا مینڈیز پُرکشش ترین خواتین میں شمار ہوتی ہیں۔
ان کی مسکراہٹ بہت دیدہ زیب ہے، جب وہ مسکراتی ہیں تو ان کےگال پر تل نمایاں ہوکرانہیں اور دلکش بنا دیتا ہے۔
ان کی کئی مداح ان جیسا مصنوعی تل لگا کر خود کو ایوا مینڈیز سے مماثل قرار دیتی ہیں۔
شینن سوسیمن
امریکی اداکارہ،موسیقارہ،رقاصہ اور ماڈل شینن کو آپ جتنا نظر انداز کریں گے، ان کی دلفریب مسکراہٹ اورآنکھ کے عین نیچے تل آپ کو ان کی طرف دیکھنے پر مجبور کردے گا۔1997ء میں ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا اور پہلا فیشن شو ہی لوٹ لیا۔
وہ 2001ء سے فلمی دنیا میں آئیں اور25 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر منوائے۔ اس کے علاوہ کئی ایم ٹی وی مووی ایواڈز بھی اپنے نام کیے۔
شیرلین فن
شیرلین فن اپنی اداکارانہ صلاحیتوں اور آڈری ہورن کے کردار کے حوالے سے زیادہ معروف ہیں، جن کی بھنووں کے ساتھ بائیں آنکھ کی طرف تل کا نشان ان کے حسن کودلکش بناتا ہے۔
گولڈی ہان
گولڈی ہان اپنے وقتوں کی ہالی ووڈ کی ٹاپ اسٹار رہی ہیں۔ ان کی جوانی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی آنکھیں بہت پرکشش تھیں اورجب وہ مسکراتی تھیں تو ان کی آنکھیں بھی مسکرا اُٹھتی تھیں۔ ان کے ہونٹوں کے اُوپر موجود تل ان کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
انجلینا جولی
انجلینا جولی اپنے ابھرواں ہونٹوں اور ٹھوڑی پر تل کے باعث خوبصورتی کا استعارہ مانی جاتی ہیں، جن کے فلمی کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ آئے لیکن انہوں نے بہت کم مدت میں بین الاقوامی ساکھ قائم کرلی۔
پاؤلاعبدل
گلوکاری و رقص کے علاوہ پاؤلا عبدل اپنی ورسٹائل خوبصورتی کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔ وہ بہت باصلاحیت اور حیران کن حد تک خوبصورت ہیں۔ گالوں پر نمایاں تل کو وہ کئی سال چھپاتی رہیں،بعد میں دکھانا شروع کیا تو لوگوں کو اور زیادہ پُرکشش نظر آئیں۔