راولپنڈی میں کمسن گھریلو ملازمہ کنزہ پر تشدد کی تصدیق ہوگئی ، مقدمہ درج کرلیا گیا ،سی پی او راولپنڈی نے اعلان کیا کہ معاملے میں ریاست فریق بنے گی۔
سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے میڈیا کوبتایا کہ میڈیکل رپورٹ میں کنزہ پر تشدد کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کنزہ ڈاکٹرمحسن ریاض کے گھرملازمہ تھی،ڈاکٹر عمارہ ریاض نے گھریلو ملازمہ کنزہ پر تشدد کیا،11 سالہ بچی کے پورے جسم پر چوٹوں کے نشانات ہیں جبکہ کنزہ کے سر پر 2 دن پرانا ایسا زخم بھی ہے جس میں 3 ٹانکے لگے ہوئے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ بچی ابھی تک اسپتال میں ہے ، اس کا تفصیلی میڈيکل چیک اپ ہوگا ،ہو سکتا ہے بچی کے گھر والوں سے کوئی معاملہ طے کیا گیا ہو، ریاست معاملے میں فریق بنے گی۔
عباس احسن نے کہاکہ اے ایس آئی کومعطل کرنے کے بعد بھی اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق کنزہ کو مختلف اوقات میں تشدد کیا گیا گیا۔