• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی ٹیم میں اختلافات،منیجر پر مداخلت کا الزام،کوچ مستعفی

  کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) مسقط میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں کھلاڑیوں کو حریف ٹیموں کے خلاف لڑانے کے بجائے آپس میں لڑ پڑی، منیجر حسن سردار سے تلخ کلامی اور گالی گلوچ کے بعد ہیڈ کوچ محمد ثقلین مستعفی ہوگئے۔ وہ پیر کو وطن واپس آرہے ہیں، انہوں نے ٹیم منیجر پر من مانی اور مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قرار دیا ہے،لیکن فیڈریشن حکام نے تاحال منیجر سے وضاحت طلب نہیں کی ہے۔ البتہ ذرائع کا کہنا ہے پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے محمد ثقلین اور ٹیم منیجر سے رابطہ کرکے صورت حال معلوم کی ہے۔ دوسری جانب کھلاڑی بھی گروپ بندی کا شکار ہوگئے ہیں، ایک کھلاڑی نے مسقط سے فون پر جنگ سے گفتگو میں بھارت کے خلاف گول کیپر عمران بٹ کی کارکردگی کو سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔ ان کے اوپر تلے دو گول کھانے کے بعد میدان سے کھلاڑیوں کی جانب سے گول کیپر کو تبدیل کیا جانے کا مطالبہ بھی کیا جاتا رہا مگر ٹیم انتظامیہ نے اسے تبدیل نہیں کیا۔ بعض کھلاڑیوں کے درمیان میچ سے قبل سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں میں گروپ بندی پیدا کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف انتظامیہ نے اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ٹیم کو ڈیلی الائونس ادا نہیں کیا اور اسے حکومتی گرانٹ سے مشروط کردیا ہے۔
تازہ ترین