• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں قتل عام پر عمران خان کی مذمت

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے مزید 11کشمیری نوجوان شہید کردیے، کشمیرمیں جاری دہشت گردی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران نے سوشل میڈیا پر اظہار مذمت کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ ’بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نیا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔‘


انہوں نے مزید لکھا کہ ’ وقت آگیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بات چیت کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل کی جانب پیش رفت کا احساس کرے۔‘

گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کی جانب سےضلع کولگام کے علاقے لارو میں 9نوجوانوں کو شہید کیا گیاتھا جبکہ2نوجوان سرحد کے قریب جعلی مقابلے میں شہید کیے گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں11کشمیریوں کی ہلاکت پر آج مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروسز کے مطابق ہڑتال کی کال سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے دی ہے۔

واضح رہے بھارتی مظالم کے نتیجے میں گزشتہ روز 9کشمیری شہید ہوگئے تھے جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

تازہ ترین