ڈیرہ غازی خان میں دو بسیں ٹکرا گئیں، حادثے میں 3بھائیوں سمیت 19 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 35 زخمی ہوگئے، جاں بحق 13 افراد کا تعلق ایک ہی برادری سے ہے، جن کی میتیں ملتان میں گھر پہنچائی گئیں تو کہرام برپا ہوگیا۔
ہولناک ٹریفک حادثہ گزشتہ رات ڈی جی خان کے علاقے غازی گھاٹ کے قریب دراہمہ کے مقام پرپیش آیا، جہاں ملتان سے کراچی اور ڈی جی خان سے ملتان جانے والی بسیں آمنے سامنے ٹکرانے کے بعد اُلٹ گئیں۔
حادثے میں ڈی جی خان سے ملتان جانے والی بس میں 15 جبکہ ملتان سے کراچی جانے والی بس میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، جیکہ حادثے کے 11زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
افسوسناک حادثے نے کئی افراد کی زندگی کے چراغ گل کردئیے،جبکہ 35 زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، 11شدید ڈی جی خان ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حادثہ موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو سرکاری خرچ پر بہتر علاج فراہم کیا جائے۔
حادثے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ بسوں کے حادثے سے متعلق انتظامیہ سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔