پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ بار نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی جانب سے صرف اسی بار کے وکلاء کو ہائیکورٹ میں جج مقرر کرنے کی قرار داد کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ واضح کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کی تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز سے سینیارٹی کی بنیاد پر کی جائے اس کے ساتھ ساتھ بار ایسوسی ایشن نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس لعل جان خٹک کی جانب سے ملٹری کورٹس کی جانب سے دی گئی سزائوں کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو بھی خراج تحسین پیش کیا ‘ اجلاس میں سابق جج اور موجودہ ایکسائز اینڈ ٹیسکیشن آفیسر خالد بن ولید کی وفات پر تعزیت کی قرار داد بھی متفقہ طور پر پاس کی گئی ‘ تمام قرار داد پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری یاسر خٹک ایڈوکیٹ نے پیش کیں جسے متفقہ طور پر منظور کیاگیا-