وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں،قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کے لیے ووٹ چاہئیں۔
واضح رہے گزشتہ روز سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کےلئے ان کے گھر پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کے طور طریقے جمہوری نہیں ،ہم تمام جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے کہا تھاکہ ابھی تو ابتدائے عشق ہے ، ساری اپوزیشن مل بیٹھ کرمشترکہ لائحہ عمل طے کرے گی،آئندہ ہفتے آل پارٹیزکانفرنس بلائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلاء سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کیلئے ووٹ چاہئیں زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں ووٹ وہ نوٹ کمانے کے چکر میں کھو چکے ہیں۔‘
سعودی عرب میں وزیر اعظم کے سرکاری دورے کے حوالے سے وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہسعودی عرب میں عمران خان کو ملنےوالااحترام پاکستان کا مقام ظاہرکرتاہے،وزیراعظم عمران خان کو مسلم امہ اہمیت دیتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ،ریاض میں چند گھنٹے ہی سو سکے ،اب انتہائی مصروف دن منتظر ہے،اب سے کچھ دیر بعد وزیر اعظم کا کانفرنس میں سوال وجواب کا سیشن ہو گا،وزیراعظم عمران خان کی شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزراء بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے،عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی وزیر اعظم کی مصروفیات کا حصہ ہیں، وزیراعظم آج ’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع کانفرنس‘میں شرکت کرینگے۔