• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کرنے کیلئے وزٹ ویزا… امیگریشن قوانین … ڈاکٹر ملک کے ساتھ

برطانیہ میں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں لوگ وزٹ کرنے کےلئے آتے ہیں۔ ان کی ایک بہت بڑی اکثریت اپنے آبائی ممالک سے ویزا لے کر یہاں آتی ہے۔ ایسا ویزا ان کے ممالک میں موجود برطانوی سفارت خانہ یا برطانوی ہائی کمیشن جاری کرتا ہے۔برطانیہ میں وزٹ کرنے والوں کو اپنی درخواست میں برطانیہ آنے کے لئے وجہ بیان کرنا پڑتی ہے۔ برطانیہ ہائی کمیشن درخواست میں دیئے گئے مندرجات کی روشنی میں فیصلہ کرتا ہے اور اسی کے مطابق ویزا دیا جاتا ہے۔ وزٹ کے ویزا کے لئے امیگریشن قوانین میں مختلف Categoriesبنائی گئی ہے۔ ہر Categoryکے لئے مختلف شرائط ہیں۔ ان کے پورا کرنے پر ہی ویزا دیا جاتا ہے۔ ہمارے ہاں ایک روایت چلی آرہی ہے کہ بچوں کی شادی لوگ اپنے آبائی ملک یا رشتہ داروں میں کرتے ہیں۔ یہ ایک قابل بحث موضوع ہے کہ ایسی شادیاں ہونی چاہئیں یا نہیں لیکن یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ بچوں کی شادی کروانے کے لئے سارے خاندان کو اپنے آبائی ملک جانا پڑتا ہے لیکن اکثر لوگوں کے علم میں یہ نہیں ہے کہ امیگریشن قوانین میں اس امر کی سہولت ہے اور اس مقصد کے لئے خصوصی طور پر شادی کرنے کے لئے وزٹ ویزا کی سہولت دی گئی ہے۔ اس سہولت کا مقصد یہ ہے کہ اپنے ملک سے لڑکا یا لڑکی صرف شادی رجسٹر کرانے اور شادی کرنے کے لئے چھ ماہ کے وزٹ ویزا پر یہاں آسکتے ہیں اور پھر اگر چاہیں تو بعدازاں اپنے ملک جاکر باقاعدہ شادی کی بنیاد لے کر آسکتے ہیں۔ یہ ویزا صرف ان کو جاری کیا جاتا ہے جوکہ 1۔ برطانیہ آکر شادی کرنا چاہتے ہوں۔2۔ یا یہاں آکر شادی رجسٹرکروانا چاہتے ہیں۔ لیکن اس میں ایک شرط یہ ہے کہ ان کی نیت یا ارادہ صرف شادی کرنے یا شادی رجسٹر کروانے کا ہے۔ اس بنیاد پر یہاں سکونت حاصل کرنے یا درخواست دینے کا ارادہ نہیں ہے۔ کیونکہ شادی کی بنیاد پر آکر سکونت حاصل کرنے کے لئے مختلف شرائط ہیں اور صرف شادی کے لئے وزٹ ویزا لینے کے لئے دوسری شرائط ہیں۔ شادی کی غرض سے وزٹ ویزا لینے کےلئے لازمی ہے کہ1۔ درخواست دہندہ کی عمر 18سالوں سے زائد ہو۔2۔ وہ شادی کرنے کے لئے اہل ہے یعنی کہ یا تو غیرشادی شدہ ہے کہ اس کی پہلی شادی کا اختتام ہوچکا ہے۔3۔ وہ واقعی اصلی اور حقیقی شادی کرنے کے لئے آرہا ہے۔4۔ برطانیہ میں چھ ماہ یا اس سے کم عرصہ کے لئے قیام کرے گا۔5۔ حکومت سے کوئی مالی امداد لئے بغیر اپنی کفالت کرسکتا ہے یعنی کہ رہائش شادی اور کھانے پینے کے اخراجات کا متحمل ہے یا پھر اس کے دوست یا رشتہ دار اس کو سپانسر کررہے ہیں۔6۔ برطانیہ سے باہر کسی ایسے ملک میں نہیں جائے گا جہاں کے لئے برطانیہ سے جانے کے لئے ویزا کی ضرورت نہیں ہے۔شادی کرنے کے لئے وزٹ کے ویزا پر برطانیہ آنے والوں کو مندرجہ ذیل کاغذات کی ضرورت پڑتی ہے۔1۔ پاسپورٹ2۔ ایسا ثبوت جس سے پتہ چلے کہ برطانیہ میں رہائش رکھنے اور کھانے پینے کے لئے مالی حالت مستحکم ہے۔ یعنی اس کی اپنی بنک سٹیٹمنٹس (Bank Statements)اور اپنے کام یا کاروبار کا ثبوت یہ کاغذات گزشتہ چھ ماہ کے عرصہ پر محیط ہونے چاہیں۔ اگر برطانیہ سے کوئی رشتہ دار یا دوست سپانسر کررہے ہیں تو ان کے کاغذات کی ضرورت پڑے گی۔3۔ اس کا ایک فوٹو4۔ ایسا ثبوت جس سے ظاہر ہو کہ یہ ایک حقیقی اور اصلی شادی ہونے جارہی ہے۔5۔ برطانیہ میں جہاں رہائش ہوگی، وہاں کا کوئی ثبوت۔6۔ مجوزہ شادی کی تفصیلات یعنی کب کرنے کا ارادہ ہے؟ کب ہوگی؟ کہاں ہوگی؟ کتنے اخراجات ہوں گے؟ وہ کون ادا کرے گا؟ اس کے پاس اتنی رقم ہے بھی یا نہیں؟ وغیرہ وغیرہ۔7۔ ایسی کوئی دستاویز جس سے پتہ چلے کہ برطانیہ میں شادی کے متعلقہ ادارے سے اس سلسلہ میں رجوع کرلیا ہوا ہے۔8۔ اگر پہلے کبھی شادی کی تھی تو اس کے اختتام پذیر ہونے کا ثبوت اگرچہ انگریزی زبان میں نہیں ہے تو اس کا تصدیق شدہ ترجمہ ۔ ایسی درخواست آن لائن (Online)دی جاتی ہے۔ اس کے بعد درخواست دھندہ کے Biometric ہوتے ہیں، جوکہ قریبی ویزا سنٹر میں لئے جاتے ہیں۔ ان کا مقصد درخواست دھندہ کی تصدیق کرنا ہوتا ہے کہ کہیں کوئی کسی دوسرے کا پاسپورٹ یا دستاویزات تو نہیں استعمال کررہا ہے۔ ایسی درخواست کی فیس اس وقت پچاسی پائونڈ (£85) ہے ایسے درخواست برطانیہ آنے سے تین ماہ قبل دی جاسکتی ہے۔ اس پر اس وقت تقریباً تین ہفتوں میں فیصلہ کردیا جاتا ہے۔ یہ ویزا چھ ماہ تک کا ہوتا ہے۔اس کا مقصد صرف شادی کرنا اور رجسٹر کروانا ہےنہ کہ یہاں کی شادی کی بنیاد پر سکونت حاصل کرنا ہے۔ ایسا ویزا ملنے والا برطانیہ قیام کے دوران حکومت سے کوئی مالی امداد نہیں لے سکتا ہے۔ اور نہ ہی اپنے زیرکفالت کسی شخص کو برطانیہ لاسکتا ہے۔ یہ ویزا برطانیہ سے کسی اور ویزے میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ عام طور پر ایسا ویزا ملنے والوں کو اس دوران برطانیہ میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔نہ ہی وہ یہاں پر طالب علم بن سکتے ہیں تاہم اگر چاہیں تو تیس دنوں تک کا کوئی چھوٹا موٹا کورس کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین