• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالی ووڈ اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو کا نام پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلم ’’ٹائٹینک‘‘ کے ذریعے منظرِ عام پر آیا۔ تب سے اب تک وہ ہالی ووڈ اسکرین کےانٹرنیشنل سپر اسٹارز میںشمار ہوتے ہیں ،جن کی اداکارانہ صلاحیتوں کو2015ء کی ریلیز ہونے والی فلم ’’دی ریوننٹ‘‘( The Revenant) میں بہت سراہا گیا۔ اس فلم میں بہترین اداکاری کرنے پر انھیں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ ہالی ووڈ کے ان بڑے اسٹارز میں شامل ہیں، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات روکنے کے لیے سب سے زیادہ سرگرم ہیں۔ اس کے علاوہ اس43سالہ اداکار کو نئے گھر خریدنے اور بیچنےکا بھی بہت شوق ہے۔ انہیں آپ حقیقی ریئل اسٹیٹ ماسٹر کہہ سکتے ہیں، جنہیں نفیس گھر خرید کر اسے زائد قیمت میں فروخت کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوتی۔

حال ہی میں لیونارڈو ڈی کیپریو نے لاس اینجلز کے خاص مقام لاس فیلز( Los Feliz ) میں4.91ملین ڈالر کا ایک وسیع و عریض مکان خریدا ہے،جس کا رقبہ4,464مربع فٹ ہے۔ یہ گھر 1926ء میں تعمیر کیا گیا تھا، جو کہ کافی حد تک اپنی اصل حالت میں ہے۔ قبل ازیں یہ گھر ان کے موسیقار دوست پال موبی کی ملکیت تھا۔ پا پارازی فوٹو گرافرز سے پریشان لیونارڈو کے لیے یہ بہترین جگہ ہے، جس کے چہار اطراف درختوں کی قطاریں اورشاخسار ہیں جبکہ اس مینشن میں موجود پانچ بیڈ روم اورآٹھ باتھ رومزاسے بیرونی دخل اندازی سے محفوظ جنت بناتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اس گھر کو دیگر ہالی ووڈ اسٹارز کے گھروں کا حصار بھی حاصل ہے۔

لیونارڈو گھر خریدنے اور اسے مہنگے داموں فروخت کرنے کے معاملے میں خوش نصیب واقع ہوئے ہیں۔ پچھلے چند برس وہ ماڈلنگ کے مصروف شیڈول سے وقت نکال کر اپنی جائیدادوں کی فروخت میں مصروف رہے۔2016ء میںانہوں نے10.95ملین ڈالر میں اپنا میلبو کمپاؤنڈ فروخت کیا، جس میں وہ18برس مقیم رہے۔ گرین وچ ولیج اپارٹمنٹ8ملین ڈالر میں بیچا۔ اب وہ اسٹوڈیو سٹی ہوم کو فروخت کرنے کے لیے پل تول رہے ہیں۔ اس خرید و فروخت کے دوران وہ اس بات کا خاص خیال رکھتے ہیں کہ ایک وقت میں ان کے پاس کم از کم دو سے تین گھر موجود ہونے چاہئیں۔لاس فیلز کا یہ نیا گھر ممکنہ طور پر انھوں نے اپنے کسی فیملی ممبر کے لیے خریدا ہے۔ اس گھر کے علاوہ ڈی کیپریو کے لاس اینجلز میں تین گھر ہیں۔

اندرونی آرائش و زیبائش

موسیقار پال موبی نے مارچ2016ء میںیہ گھر 3.4ملین ڈالر میں خریدا تھا اور پھر اپنے ذوق کے مطابق اس کی اندرونی آرائش کی۔ الیکٹرک وائرنگ سے لے لکڑی کی چھتوں کی تنصیب تک ہر چیز کو نئے سرے سے لگوایا۔ ڈائننگ روم کو زیادہ پرائیویٹ بنانے کے لیے اسے چاروں طرف سے بند کیا۔ اس کے علاوہ پورے کچن کی ازسرِ نو تزئین و آرائش کروائی تھی، جہاں ناشتے اور ڈنر کے لیے میزوں کی الگ ترتیب رکھی گئی ہے۔ گھر کے تمام مرکزی اور داخلی دروازوں کی چھتیں بلند اور کشادہ ہیں۔ اس دو منزلہ مکان میں تین آتش دان بھی ہیں۔ بیڈ روم میں بنا وائٹ بک شیلف کمرے کے حسن کو دوبالا کر دیتا ہے۔لِونگ روم میں ایک بڑا پیانورکھا ہے۔ آؤٹ ڈور لونگ روم کے ساتھ بنا خوبصورت پول اور اسپا چہار اطراف درختوں میں گھرا ہوا ہے۔ لیونارڈو ڈی کیپریو سرسبزدنیاکو ترجیح دیتے اور تحفظِ ماحولیات کے داعی ہیں۔ فطرت کے ساتھ رہنا انہیں بھاتا ہے۔اسی لیے ان کے گھر میں ہریالی کا خاص دھیان رکھا گیا ہے۔ گھر کے آس پاس ہریالی کا ہونا اس گھر کو خریدنے کی وجہ بنی۔یہاں شہر سے دوری کا احساس تو ہے لیکن ہر چیز دستیاب ہے۔ شہر کے شور و غل سے بچنے اور فطرت سے قربت حاصل کرنے کے لیے یہ پُرفضا مقام بہترین ہے۔ گھر میں یوگا روم، اسٹیم باتھ روم، سوئمنگ پول، دالان، صحن،بیرونی مہمان خانہ،بیٹھک اوربیڈ روم سمیت ہر وہ سہولت موجود ہے، جس سے فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار ہوتاہے۔ 

گھر میں سامان کم رکھا گیا ہے۔ کشادگی اورہوا کے گزر کے باعث یہ صحت افزا ماحول بن جاتا ہے،جو ڈی کیپریو کی ہمیشہ سےاولین ترجیح رہا ہے۔ دیدہ زیب فرنیچر اور تنصیبات کے ذریعے گھر کو کشادگی عطا کی گئی ہے۔ اس سے قبل بھی لیونارڈو نے اپنےمین ہٹن 11اسٹریٹ، 66ایسٹ میں واقع مکان میںوٹامن سی اور موڈ کو بہتر بنانے والی خوشبو پر مشتمل خاص شاور بنوایا تھا، جس سے نہاکر دن بھر کی تھکن اتر جاتی ہے۔ چھوٹے سےسرسبز جنگل میں گھرا روایتی انگریزی اسٹائل سے بنا لاس فیلز کا یہ گھر اور اس کا سرخ رنگت والا صدر دروازہ طلسمی منظر پیش کرتا ہے۔ ایسے گھر کو پاکر کوئی بھی شخص وہ حقیقی مسرت پاسکتا ہے،جو فطرت کے پہلو میں رہ کر ملتی ہے۔

تازہ ترین