امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس یرغمالیوں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کر رہی ہے، حماس نے یہ روش جاری رکھی تو بڑی مشکل میں پھنس جائے گی۔
برطانیہ روانہ ہونے سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرینی صدر زیلنسکی امن معاہدہ کرنے کےلیے تیار ہیں، یورپ روس سے ایندھن خریدنا بند کرے۔
صدر ٹرمپ خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ برطانیہ پہنچیں گے، ان کا 2019 کے بعد برطانیہ کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ ماڈرن تاریخ کے پہلے منتخب سیاسی رہنما ہیں جو دوسری بار شاہی خاندان کے مہمان بنے ہیں۔
ونزر کاسل میں بدھ کو صدر ٹرمپ کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی، شاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا، صدر ٹرمپ کا ونزر کاسل میں خیر مقدم کریں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کی جمعرات کو برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات ہوگی۔ دورے میں امریکا اور برطانیہ کے درمیان 10 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے متوقع ہیں۔
اس موقع پر ونزر کاسل کے اطراف سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔