• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کتنے کروڑ میں ڈیل ہوئی ہے؟ سامعہ حجاب نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیدیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے گزشتہ روز عدالت کے باہر صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب ویڈیو پیغام میں دے دیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ٹک ٹاکر نے ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ان سوالوں کا جواب دیا جو گزشتہ روز سماعت سے قبل صحافیوں نے پوچھے تھے۔

ویڈیو پیغام کے آغاز میں انہوں نے صحافیوں کے سوال دہراتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے مجرم کو معاف کرنے کے پیسے لیے ہیں کیا؟ اگر آپ نے اسے معاف کر دیا ہے تو کیا اب آپ کو کوئی خطرہ نہیں ہے؟

سامعہ حجاب نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جب میں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے خلاف آواز اُٹھائی تو میں اُن عورتوں میں شمار ہونا چاہتی تھی جو اپنے حق کے لیے خود کھڑی ہوتی ہیں، جس میں 75 فیصد عوام نے تو میرا ساتھ دیا لیکن 25 فیصد چاہتے تھے کہ میں ہار مان لوں۔

ٹک ٹاکر نے کہا کہ آپ کا رشتہ کسی کے ساتھ کسی بھی نوعیت کا ہو، لیکن قانون کسی کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیتا کہ وہ کسی کو ہراساں یا اغوا کرے۔ یہ جانتے ہوئے بھی لوگوں نے مجھے ہی ٹرول کرنا شروع کر دیا تب مجھے اندازہ ہوا کہ لڑکیاں اپنے حق کے لیے آواز کیوں نہیں اُٹھاتی کیونکہ انہیں روک دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان 75 فیصد حمایت کرنے والوں کی خاطر قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ سماعت کے دوران حسن کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ہوگیا تھا اور ممکنہ طور پر اسے سزا بھی مل جاتی لیکن جب حسن کے والدین میرے پاس چل کر خود آئے اور مجھ سے معافی مانگی تو میری اخلاقیات اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ایک شخص کی سزا اس کے اہلِ خانہ کو بھی ملے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حسن نے بھی اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے مجھ سے معافی مانگ کر مجھ پر لگائے گئے الزامات واپس لے لیے تھے جس پر میں نے انہیں معاف کر دیا اور حسن کی والدہ کی درخواست پر عدالت میں بیانِ حلفی ریکارڈ کروایا۔

سامعہ حجاب نے کہا کہ میں نے حسن کو فی سبیل اللّٰہ معاف کیا ہے جس کا ریکارڈ عدالت میں بھی موجود ہے۔ اس سفر میں میری والدہ، میڈیا اور فالوورز کے علاوہ اور کوئی ساتھ نہیں تھا۔

انہوں نے لڑکیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اندازہ ہوگیا کہ انصاف لینا بہت مشکل ہے لیکن اگر اپنے مقصد پر ڈٹ جائیں تو انصاف مل کر رہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب مبینہ اغواء اور دھمکیاں دینے کے مقدمے کی سماعت میں پیش ہوئیں۔ 

ٹک ٹاکر کی جانب سے عدالت میں اللّٰہ کی رضا کے لیے معاف کرنے کے بیان کے بعد عدالت نے ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔

سماعت کے بعد سامعہ حجاب نے صلح کے حوالے سے صحافیوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا اور عدالت سے روانہ ہو گئیں۔ صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ آپ کی کتنے کروڑ میں ڈیل ہوئی ہے، مگر ٹک ٹاکر کسی بھی سوال کا جواب دیے بغیر خاموشی سے روانہ ہوگئیں تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید