• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلیبرٹیز ہالی ووڈ کی ہوں یا بالی ووڈ کی، طرزِ رہائش دونوں ہی شاندار قسم کا رکھتے ہیں۔ اور جب بات ہو بالی ووڈ اسٹارز کی تو ان کے مداحوں کی تعداد ایشیا میں ہالی ووڈ اسٹارز سے کہیں زیادہ ہے۔ مداحوں کی بڑی تعداد جہاں اسٹارزکے آؤٹفٹ اور نت نئی سرگرمیوں سے متعلق تجسس میں رہتی ہے، وہیں وہ یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ یہ اسٹارز کہاں اور کیسے گھروں میں رہتے ہیں۔ آیا فلموں میں لیے جانے والے کثیر معاوضوں کی بدولت ان کے گھروں کی قدروقیمت بھی شاندار ہے یا نہیں۔ تو آئیے آج بات کرتے ہیں بالی ووڈ سیلیبرٹیز کے بھارت میں موجود گھروں کی کہ یہ گھر کیسے ہیں اور ان کی مالیت آج کے دور میں کیا ہے۔

امیتابھ بچن (جلسہ)

بالی ووڈ کےبے تاج بادشاہ امیتابھ بچن کا ممبئی میں واقع گھر کسی خوبصورت شاہکار سے کم نہیں۔ اس گھر کو امیتابھ بچن کی جانب سے جلسہ کا نام دیا گیا ہے۔ اس عالیشان گھر کی قیمت 112کروڑ بھارتی روپے ہے۔ امیتابھ بچن کے ممبئی میں 5مکانات موجود ہیں لیکن’جلسہ‘ اس لحاظ سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہاں امیتابھ بچن کی فیملی رہائش پذیر ہے۔ یہ گھر 10ہزار125اسکوائر فٹ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ خوبصورت اور منفرد ڈیزائننگ لیے بیڈ روم اور لیونگ روم کے علاوہ اس گھر میں ایک خوبصورت لان اور شاندار لائبریری بھی موجود ہے۔ 

شاہ رخ خان (منت)

اداکار شاہ رخ کو جہاں دیگر اداکاروں میں ’’بالی ووڈ کنگ‘‘ کی حیثیت حاصل ہے، وہیں ان کا گھر بھی سیلیبرٹی ہاؤسز میں کسی طور پیچھے نہیں۔20ویں صدی کے ثقافتی ورثے’’گریڈ تھری ہیریٹیج‘‘ کی شاندار عکاسی کرتے اس خوبصورت گھر کی قیمت آج 200کروڑ بھارتی روپے ہے۔ منت ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں6ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے، جس میں5بیڈ رومز اور جمنازیم بھی موجود ہے۔ جمنازیم میں فٹنس اور کھیلوں کی سہولتیں موجود ہیں۔ کنگ خان نے مطالعہ کا شوق پورا کرنے کے لیے گھر میں لائبریری قائم کر رکھی ہے، جس میں دنیا بھر کی نایاب کتابیں موجود ہیں۔

رنبیر کپور

رنبیر کپور کا گھر بھی بھارت کے شہر ممبئی میں بحیرہ عرب پر واقع باندرہ کی خوبصورت پہاڑیوں پالی ہلز میں واقع ہے۔ اس گھر کو ’’کرشنا راج کپور ہوم‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جہاں کپور فیملی پچھلی تین دہائیوں سے رہائش پذیر ہے۔ رنبیر کپور نے اپنا بچپن اور جوانی کا کافی عرصہ اپنے آبائی گھر میں گزارا۔ اس کے علاوہ رنبیر نے اپنے نئے گھر سے متعلق سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی ہیں، جس کا انٹیریئر کسی عام ڈیزائنر کے بجائے بالی ووڈ کنگ کی اہلیہ گوری خان نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس گھر کو ’’واستو‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں رنبیر کپور اپنے نئے اپارٹمنٹ میں شفٹ ہوگئے تھے اور یہ گھر بھی بالی ووڈ نگری ممبئی کے باندرہ علاقے میں موجود ہے۔

جان ابراہم

اداکار جان ابراہم کاممبئی میں ایک خوبصورت پینٹ ہاؤس ہے ۔یہ پینٹ ہاؤس ممبئی کی ایک معروف عمارت کی 7ویں اور 8ویں منزل پر بنایا گیا ہے، جسے جان ابراہم کے بھائی اور والد نے خود ڈیزائن کیا ہے۔ پینٹ ہاؤس کے فرش کے لیے ہارڈ ووڈ فلورنگ جب کہ بالکنی ایریا کے لیے خاص گلاس وال کا انتخاب خاصی مہارت کے ساتھ کیا گیا ہے۔ پینٹ ہاؤس کے رنگ وروغن میں ہلکے او گہرے رنگوں کے خوبصورت امتزاج کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ بیڈروم کی ڈیزائننگ اس طرز پر کی گئی ہے سمندر کے خوبصورت نظارہ کا لطف اٹھایا جاسکے۔

تازہ ترین