• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کو دنیا بھر میںموسیقی کے’پاپ پرنس‘ کی حیثیت سے جاناجاتا ہے۔ ایک گانے کا معاوضہ کروڑوں ڈالرز میں لینے والےجسٹن بیبرکاطرزِ رہائش بھی کسی شہزادے سے کم نہیں۔ جسٹن بیبر نے جہاں چھوٹی عمر میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی وہیں بے پناہ آمدنی بھی کمائی۔ ان کی مقبولیت اور بڑھتے ہوئے معاوضے نے ان کی زندگی کی قدرومنزلت میں شاہانہ طریقے سے اضافہ کیا ہے۔ ان کی طرزِ رہائش کی خاص بات یہ ہے کہ اب پاپ گلوکارکا شمار’’ شیشے کے گھروں‘‘ میں رہنے والے افراد میںکیا جاتا ہے۔ جسٹن بیبر کا گھر بھی ان کی شخصیت اور آواز کی طرح منفرد اور خوبصورت ہے۔ یہ گھر اتنا خوبصورت اور عالیشان ہے کہ جسٹن بیبر اس گھر کا ایک ماہ کا کرایہ 60ہزار امریکی ڈالر وصول کرتے ہیں۔ اس گھر کی تعمیر سے متعلق خاص باتیں جان کرآج کے بعد آپ بھی جسٹن بیبر کی آواز کے ہی نہیں بلکہ ان کے گھر کے بھی دیوانے ہوجائیں گے۔ یہ گھر کیسا ہے اور کہاں ہے، آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

محل وقوع اور ڈیزائن

٭جسٹن بیبر کا یہ خوبصورت شیشے کا گھرریاستہائے متحدہ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کی لاس اینجلس کاؤنٹی کے ایک شہر بیورلی ہلز (Beverly Hills) میں واقع ہے۔یہ ایریا سیلیبرٹی فیورٹ ایریا کے طور پر بھی جاناجاتا ہے۔ہالی ووڈ کی کئی نامور سیلیبرٹیز بھی اس خوبصورت علاقے میں رہائش پذیر ہیں۔ اکثر سیلیبرٹیز ایسی بھی ہیں، جن کے گھر تو یہاں موجود ہیں لیکن ان سیلیبرٹیز کا سالوں میں ہی وہاں چکر لگتا ہے۔جسٹن بیبرکی یہ عالیشان خوبصورت شیشے کی عمارت 6500اسکوائر فٹ پر کھڑی ہے اور7500اسکوئر فٹ کا احاطہ گھیرے ہوئے ہے۔

٭اس عمارت کو2009ء میں عالمی شہرت یافتہ آرکیٹیکچرای ڈی نائلز نے ڈیزائن کیا۔ اس گھر کے پراپرٹی ریکارڈ کے مطابق فروری میں اسے ایک کروڑ5لاکھ امریکی ڈالر میں ایک ڈویلپر سے خریدا گیا تھا۔ گزشتہ برس کی ایک رپورٹ کے مطابق جسٹن بیبرکے اس گلاس مینشن کی مالیت تقریباً دوارب پاکستانی روپے لگائی گئی ہے ۔

اندرونی اور بیرونی نظارہ

یہ عالیشان گھر مکمل طور پر شیشے سے تیار کیا گیا ہے، جس میں 6بیڈروم، 6بڑے اور ایک چھوٹا باتھ روم موجود ہے،جبکہ 7لگژری گاڑیوں کے لیے ایک وسیع گیراج بھی بنایا گیا ہے۔ اس گھر میں ایک مووی تھیٹر،جم اور آؤٹ ڈور میں انفینٹری پول مووجود ہے۔ یہ گھر گولائی میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے سبب اس کی دیواریں بھی شیشے کے ساتھ گولائی میں بنائی گئی ہیں۔ اس گھر کی تمام دیواریں معیاری شیشے کے ساتھ تیار کی گئی ہیں، حتیٰ کہ باتھ روم کی دیوار پر خوبصورت شیشے اس گھر کو ایک جداگانہ حیثیت فراہم کرتے ہیں۔اس گھر کی کھڑکیاں اور دروازے اسٹین لیس ہیں، جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہاں کھڑے ہوکر شہراور سمندر کا خوبصورت نظارہ بآسانی کیا جاسکتا ہے اور یہ خاصیت اس گھر کی خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ کردیتی ہے۔ عمارت کو پہلی نظر میں دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ گھر ایک رہائشی عمارت بھی ہوسکتی ہے کیونکہ اس کا بیرونی منظر کسی عالیشان ہوٹل جیسا ہے۔ گھر کے ایکسٹیریئر کے لیے دو خاص رنگوں نیلے اور سفید کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بیرونی طور پر استعمال کیے گئے شیشے کے لیے واٹر بلو کلر کا انتخاب کیا گیا ہے، جو اسے آؤٹ ڈور ایریا میں موجود انفینٹری پول کے پانی اور عمارت کے اوپر موجود آسمان سے قدرے مشابہ کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے کا باعث بنتا ہے۔ اس عالیشان عمارت سے باہر آئیں تو ایک خوبصورت اور ویل فرنشڈ آؤٹ ڈور سٹنگ ایریا مہمانوں اور گھر کے مکینوں کا استقبال کرتا ہے،جہاں سوئمنگ پول کے دہانے پر رکھی گئیں خوبصورت سفید کرسیاں موسم سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیتی ہیں۔ جسٹن بیبر بھی ہالی ووڈ کی دیگر نامور سیلیبرٹیز کی طرح دوستوں کی گیدرنگ اور ہلّے گلّے کے شوقین ہیں۔ جس کے سبب ورطۂ حیرت میں ڈالنے کے لیے اس گھر میں آئے روز پارٹیز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس ہلّے گلّے سے اردگرد رہنے والے مکین ہر گز ڈسٹرب نہیں ہوتے کیونکہ یہ گھراتنا وسیع وعریض ہے کہ تمام آوازیں اس گھر کی چار دیواری سے باہر نہیں جاتی۔

تازہ ترین