سابق وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
آصف زرداری نے نواز شریف سے فاصلے کم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیاتھا، لیکن میاں نواز شریف کو الیکشن 2018ء کے بعد پیپلز پارٹی کے کردار پر تحفظات ہیں۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف نے آل پارٹیز کانفرنس سے قبل آصف زرداری سے کسی بھی نوعیت کے ملاقات کو خارج ازامکان قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کوشش کررہے ہیں کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات ہوجائے مگر سابق وزیراعظم پیپلز پارٹی سے تعاون کے لئے ضمانت کے خواہش مند ہیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کی طرف سے نوازشریف کو قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں،اسی تناظر میں دونوں رہنمائوں کی آج یا کل تک ملاقات متوقع ہے۔
نوازشریف کے قریبی ذرائع کے مطابق نوازشریف آصف زرداری سے ون آن ون ملاقات سے گریزاں ہیں، وہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات میں پیپلز پارٹی سے تعاون کی ضمانت مانگیں گے۔
گزشتہ دنوں پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھاکہ نوازشریف نے ایک غم دیا ہو تو بتائو،لیکن ایسی بات بھی نہیں نوازشریف سے فاصلے کم ہو ہی نہیں سکتے۔
جس کے بعد نوازشریف نے ایک بیان میں کہا تھاکہ آصف زرداری غلط فہمی دور کرلیں مقدمہ میں نے نہیں بنایا تھا،اس کے علاوہ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن سے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما کی رہنما کی ملاقات پر تبصرے سے گریز کیا تھا۔