کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتےہوئے تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر نے کہا کہ ایشیا کپ ٹی 20 میں بھارت کے خلاف پاکستان کی ناقص کارکردگی کا سبب لیڈر شپ ہے ۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ بیٹسمین پروڈیوس نہیں ہو رہے ،زیادہ بونس اور موومنٹ والی وکٹ ٹی 20میں نہیں ہونی چاہئے۔پروگرام میں بازید خان ،محمد وسیم اور یاسر حمید نے بھی اظہار خیال کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف ناقص بیٹنگ پرمیزبان طلعت حسین نے اپنے تجزیے میں کہا کہ آج قتل ہوا امیدوں کا ، توقعات کا پاکستانی ٹیم کی بھارت کے خلاف کارکردگی دیکھ کر ،پاکستان 20کروڑ کی آبادی کا ایک بڑا ملک ہے اس سے قطع نظر نیوزی لینڈ کو دیکھ لیں آج ان کی کرکٹ کہاں سے کہاں جا پہنچی اس سے بھی بہتر مثال بنگلہ دیش کی ہے وہ کہاں تھے اور آج کہاں پر کھڑے ہیں جبکہ سہولتوں کا فقدان ان کے پاس آج بھی موجود ہے ،ہندوستان کے خلاف جب بھی ہمارا میچ آتا ہے بہت ساری ہماری خرابی سر چڑھ کر بولنے لگ جاتی ہے ،ہمارا خیال تھا کہ ہندوستان اچھے بالر پروڈیوس نہیں کرتا لیکن آج ان کے پاس لائن لگی ہوئی ہے ، بیٹنگ لائن ان کی بہترین ہے ،فیلڈنگ تک انہوں نے اپنی بہتر کرلی ہے لیکن پاکستان نہیں کرپارہا ہے ۔ہندوستان کے ساتھ کرکٹ کو ہمیں ڈپلومیسی کے ساتھ جوڑنے کی عادت سی پڑگئی ہے ،سفارتکار کہتے ہیں آپ کو صاف ستھرا اور اچھا بن کر کھیلنا ہے ، کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ صرف 22لوگوں کا میچ نہیں ہوتا اس میں دونوں ممالک کے وزیر اعظم تک انوالو ہوجاتے ہیں ۔انڈین کھلاڑی لحاظ بالکل نہیں کرتے جبکہ ہمارے کھلاڑی لحاظ میں پڑ جاتے ہیں ۔ ہم بارڈر پر ہونے والی وہ پریڈ بھی دکھاتے ہیں جس میں دونوں جانب سے جوان ایک دوسرے کے سامنے پہنچ کر بوٹ اوپر اٹھاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارا بوٹ زیادہ اوپر گیا ہے جبکہ ہم اگر کرکٹرز کو بھیجتے ہیں تو کہتے ہیں کہ دھیان رکھنا دوسرا ناراض نہ ہوجائے کیا یہ ڈپلومیسی کا حصہ نہیں ہے ۔ ہماری بیٹنگ لائن نے انتہائی مایوس کیا اور ہمیں یہ سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ بار بار ہم قوم کی امیدوں کو بلند کرکے دھڑلے سے خراب کیوں کرتے ہیں امیدوں کا یہ قتل کیوں ہوتاہے ۔ پاکستان کی ناقص بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک ا نصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ میرا تو دل ٹوٹا ہوا ہے ،میں نے میچ دیکھا نہیں لیکن مجھے جو پتہ چلا کہ وکٹ میں بائونس بھی تھا اور موومنٹ بھی تھی جب وکٹ اس قسم کی ہو تو پھر ہماری بیٹنگ یہی کرتی ہے ، پاکستان ٹیلنٹ پروڈیوس کررہا ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے ایسا لگتا ہے فیکٹری ایک لگی ہوئی ہے ٹیلنٹ نکلتا چلا آرہا ہے لیکن کچھ ایسا ہے جو ہم سے Missہورہا ہے جس کے سبب ہم اس ٹیلنٹ کو آگے نہیں بڑھاپارہے ہیں ۔