اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے اس امر پر اظہار تشویش کیا ہے جس میں نیب نے سپریم کورٹ سے 5 جنوری کے فیصلے میں پرویز مشرف سے متعلق ریمارکس کو حذف کرنے کےلئے کہا ہے۔ ایک بیان میں ان کاکہنا تھا کہ نیب کی کارروائی اس کی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے جس کی مذمت کی جانی چاہیے، انہوں نے کہا کہ فیصلے کے پیراگراف 6 میں سپریم کورٹ کی آبزرویشن مشرف کے اکتوبر 1999 کی کارروائی سے متعلق ہے ایک تاریخی حقیقت ہے جس سے انکار ممکن نہیں۔ یہ مائنڈ سیٹ یکساں احتساب کے نیب کے دعوئوں کی قطعی نفی کے مترادف ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسروں کےخلاف تحقیقات میں نیب کس قسم کا طرز عمل اپنائے ہوئے ہے۔ اس قسم کی ذہنیت سے تاریخی حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔