• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات، کابل پر موقف یکساں، شاہ محمود

اسلام آباد (نمائندہ جنگ؍ آئی این پی) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، افغانستان پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے، پاکستان اور ازبکستان کا موقف ہے کہ افغانستان کا فوجی حل نہیں جبکہ ا زبک وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سے مثبت بات چیت قریبی دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے، دونوں ملکوں کے درمیان عوامی روابط اور تعاون کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات اور تعاون ہمارا ایجنڈا ہے۔ قبل ازیں ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف 5رکنی وفد کے ہمراہ ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے۔ ازبک وزیرخارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ازبک وزیر خارجہ کے دورے سے دو طرفہ اور علاقائی محاذوں پر باہمی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی تعاون کے بے پناہ مواقع ہیں۔ ازبکستان کے باہمی تجارت کے فروغ پر بھی بات ہوئی۔ ازبک وزیر خارجہ کے ساتھ علاقائی تعاون سمیت سیاحت پر بھی بات ہوئی افغانستان پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے۔ ازبک وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورے کی دعوت پر شاہ محمود قریشی کا انتہائی شکر گزار ہوں۔
تازہ ترین