محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرد آلود رہنے کا امکان ہے۔
یہاں کم سے کم درجہ حرارت19اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے 37ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
شہر قائد میں شمال مشرقی علاقوں میں ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں،جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63فیصد ہے۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، لاہور، ساہیوال اور جھنگ سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں بھی بارش کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا ۔
ادھر غذر میں دو روز سے جاری بارش اور برف باری کا سلسلہ رک گیا،برف باری کے بعد اس علاقے میں بھی سردی بڑھ گئی۔
آزاد کشمیر میں نکیال کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سےبارش جاری ہے جبکہ کنٹرول لائن سے ملحقہ پیرپنجال پر برف باری ہوئی۔
چلاس میں تھلپن پُل، دھڑنگ داس، گندلو، تتہ پانی اور رائی کوٹ پُل کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
نارووال،شکرگڑھ،نورکوٹ، چیچہ وطنی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔
خانیوال شہر اور گرد و نواح میں اسموگ پھیلنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی آئی خان، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں کے پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔