راولپنڈی(آئی این پی) ہانگ کانگ کی لیوٹزلنگ نے تیسری بحریہ ٹائون انٹرنیشنل ویمن اسکواش چیمپین شپ جیت لی۔ لیوٹزلنگ نے فائنل میں مصرکی آمنہ یسرے کو شکست دی۔ فاتح کھلاڑی کو 2346 امریکی ڈالر جبکہ رنراپ کو 1605 امریکی ڈالر انعام دیاگیا۔ مہمان خصوصی وائس چیف ایگزیکٹو بحریہ ٹاؤن کموڈور (ر) محمدالیاس نے انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر جنرل علی، سیکرٹری پاکستان اسکواش فیڈریشن گروپ کیپٹن عامرنواز، چیئرپرسن آرگنائزنگ کمیٹی مسزسطوت بابر ، جی ایم سفاری کلب رشیدملک اور دیگر موجود تھے۔ سفاری کلب راولپنڈی میں فائنل میں لیوٹزلنگ نے آمنہ یسرے کو 43 منٹ میں 10-12، 12-10،11-7 اور 11-6سے ہرادیا۔ میچ کے دوران آمنہ یسرے زخمی ہوکر باہر چلی گئی اور پھر طبی امداد کے بعد دوبارہ کھیلنے کیلئے آئی۔ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کموڈور (ر) محمدالیاس نے کہاکہ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین ملک میں قومی وبین الاقوامی کھیلوں کی سرپرستی کررہے ہیں، اسکواش ٹورنامنٹ میں انتہائی شاندار کھیل دیکھنے کاموقع ملا۔ انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ کی کامیابی میں انتظامیہ کے ساتھ میڈیا کا بڑا کردار ہے۔ اس موقع پرفاتح کھلاڑی لیوٹزلنگ نے کہاکہ ٹورنامنٹ جیت کربہت خوش ہوں، پاکستان کھیلوں کیلئے انتہائی پرامن ملک ہے۔ آمنہ یسرے نے کہاکہ پاکستان میں دوسری بار آئی ہوں، یہاں ماحول اور بہترین مہمان نوازی ملی، آئندہ بھی پاکستان ضرور آئوں گی۔