کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر اور قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان کی قومی سلامتی ، بقاء اور استحکام کیلئے ایم کیو ایم کی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے کہاہے کہ الطاف حسین اپنی کسی تقریر سے دل آزاری پر عسکری قیادت سے معذرت خواہ ہیں، پاکستان کی تشکیل کے بعدسے ہندوستان سے ہجرت کرکے آنیوالے مہاجروں اور افواج پاکستان کے درمیان محبت اور تعاون کا ایک رشتہ قائم ہے،گزشتہ چند برسوں سے اس تعلق میں کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں یاکچھ غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، قائد تحریک الطاف حسین نے سپریم کونسل اور رابطہ کمیٹی کو حکم دیا ہے کہ ہمیں فی الفور ان غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہئے۔اس کا جو بھی پس منظر رہا ہو جب پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کیلئے کام کرنا ہے۔خارجی و داخلی خطرات کے پیش نظر ماضی کو بھلا کوایک قومی ایجنڈا تشکیل دینا ہوگا،پاکستان کی بقاء و سلامتی میں بانیان پاکستان اور ان کی اولادوں کے اہم کردار سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا ہم اپنی طرف سے ان غلطیوں کو دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور اس اسپرٹ کو 1947ء کی طرح قائم و دائم رکھیں گے۔ ایم کیو ایم قومی مفاد میں عسکری قیادت کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو ایم کیوایم سپریم کونسل کے اراکین نسرین جلیل ، رئوف صدیقی، کشور زہرا، رابطہ کمیٹی کے اراکین زرین مجید، عبد القادر خانزادہ، عارف خان ایڈووکیٹ، محمد حسین، زاہد منصوری، ریحانہ نسرین ، حق پرست رکن قومی اسمبلی عبد الوسیم اور نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ خورشید بیگم سیکرٹریٹ عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات ، وسائل نہیں دے رہی ہے ، میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات جب بھی ہوں اور جس قدر بھی اختیارات ملیں اب مزید اختیارات کی جدوجہد اپنی جگہ ہے لیکن فی الحال ایم کیوایم کراچی ، حیدرآباد ،میر پور خاص اور، نوابشاہ کے شہروں میں صفائی مہم کا اعلان کررہی ہے اور ان شہروں کی صفائی کی ذمہ داری اپنی مدد آپ کے تحت اپنے ذمہ لے رہی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ داخلی استحکام اور ملکی بقاء و سلامتی کیلئے ایم کیو ایم ایک کلیدی کردار ادا کرے،الطاف حسین یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمیں ماضی کو ایک طرف رکھ کر ایک نئے جذبے سے سرشار ہو کر مستقبل کے پاکستان کی تعمیر کرنا ہوگی اور پاکستان کو آگے لے جانا ہوگا، اسی لئے الطاف حسین نے یہ محسوس کیا کہ ہم کچھ باتوں کی وضاحت ہمیشہ کیلئے کردیں تاکہ اس پر بلاوجہ بحث ومباحثہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے خاص طور پر اجلاس میں جو بات کہی گئی وہ یہ ہے کہ اگر ’’میری کسی تقریر سے کسی عسکری ادارے یا اس کے سربراہ یا کسی افسر کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر معذرت خواں ہوں۔ ‘‘یہ قائد تحریک کے الفاظ ہیں اور اس کی انتہائی اہمیت ہے، آج کی اس پریس کانفرنس کے ذریعے قائد تحریک الطاف حسین کے کم از کم ان الفاظ کے اظہار اور جملوں کو میڈیا پرجانے میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے کیونکہ الطاف حسین کے اس موقف کا واضح ہونا بہت ضروری ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان اور بالخصوص کراچی کے امن واستحکام، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اور سندھ سمیت پورے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے اور قومی مفاد میں کام کرنے کیلئے عسکری قیادت کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ملک و قوم کو جن خارجی اور داخلی خطرات کا سامنا ہے ان کے پیش نظر ہمیں ماضی کو بھلا کو قوم کے مفاد میں مل جل کر کام کرنا ہوگا اور اس کیلئے ایک قومی ایجنڈا تشکیل دینا ہوگا۔ فاروق ستار نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی ادراوں کو اپنی تحویل میں لینے اور میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں مسلسل تاخیر کررہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، سندھ خصوصا شہری علاقوں میں بلدیاتی نظام کی تباہی، صحت و صفائی کی ابتر صورتحال اور پانی وبجلی کے بڑھتے ہوئے بحران کو انتہائی تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، متعلقہ ادارے اورصوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کی بے چینی اور اضطراب کا نوٹس لیں اور ان کے بنیادی شہری بلدیاتی حقوق کو بحال کریں، مقامی حکومت، ان کے اختیارت اور وسائل بحال کرے، میئر، ڈپٹی میئر اور خصوصی نشستوں کے انتخابات کرا کر مقامی حکو متو ں اور کو نسل کو مکمل کریں تاکہ یہ ادارے عوام کی خدمت کا کام شروع کرسکیں۔