• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات کا تنازع، پرویز خٹک پارلیمانی کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

اسلام آباد(طاہر خلیل)انتخابی معاملات کی تحقیقات کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا، وزیر دفاع پرویز خٹک بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئےپارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیردفاع پرویز خٹک کو متفقہ طور پر کمیٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے پرویز خٹک کا نام چیئرمین کیلئے پیش کیا جس کی مرتضیٰ جاوید عباسی اور سینیٹر رحمٰن ملک نے تائید کی، چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پرویز خٹک نے اپوزیشن اور حکومت کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 2018ءکے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک کومتفقہ طور پرکمیٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے، ٹی او آرز کے حوالے سے سب کمیٹی بنائی جائے گی، 2013ءکے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، فارم 16 لاپتہ تھے، 2018ءکے انتخابات شفاف ہوئے، بعد میں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2018 کے انتخابات پاکستانی تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات ہیں یہ صرف اپوزیشن نہیں کہہ رہی بلکہ حکومتی اتحاد کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں سوائے تحریک انصاف کے ساری پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ دھاندلی ہوئی اس کے باوجود ہم نے جمہوری رویہ اپنایا تاکہ ملک میں انتشار نہ پیدا ہو انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس کمیٹی کے کام میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔

تازہ ترین