• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا گھر بہت سے اہم کمروں جیسا کہ بیڈ روم، لاؤنج، باتھ روم، کچن اور ڈائننگ روم سے مل کر بنتا ہے۔ مگر عام طور پر جگہ کی کمی کے باعث کھانے کے کمرے کو قربان کر دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چھوٹے گھروں میں کھانے کے لیے الگ جگہ نہیں ہوتی بلکہ ایک کاؤنٹر کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے یا پھر لاؤنج میں ہی کھانا کھالیا جاتا ہے۔ کھانے کے کمرے کے لیے ایسی جگہ ہونی چاہیے، جہاں ہم اپنے خاندان والوں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکیں، جہاں ہم کھانے پر اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کو دن بھر کے قصے سنا سکیں۔

آج ہم آپ کے لیے کھانے کے کمرے کی پلاننگ اور ڈیزائننگ کے حوالے سے کچھ ایسی تجاویز پیش کرنے جارہے ہیں، جو یقیناً آپ کو متاثر کریں گی۔ چاہے آپ کا کھانے کا کمرہ بڑا ہو یا چھوٹا، جدید ہو یا روایتی، یہ کچن سے جڑا ہو یا پھر علیجدہ، ہمارے پاس ہر قسم کے انداز کے لیے کچھ نیا موجود ہے۔

ڈائننگ روم کی پلاننگ

ڈائننگ روم، کچن کی لوکیشن کے حساب سے مشرق، مغرب یا جنوب کی سمت ہوسکتا ہے۔ اگر ڈائننگ روم گھر کے مشرق میں ہےتووہاں صبح کی تازہ روشنی آسکتی ہے، اسی طرح ہر سمت کے اپنے فائدے اور نقصانات ہیں۔ ڈائننگ روم کسی بھی سمت اور لوکیشن پر بنایا جاسکتا ہے بشرطیکہ کہ وہ کچن سے قریب تر ہو۔ ڈائننگ روم اور کچن کو ایک ہی منزل پر ہونا چاہیے تاکہ کھانا پہنچانے میں کسی قسم کی مشکل نہ ہو۔

ڈائننگ روم کے سائز کافیصلہ کرنے سے پہلے، آپ کے پاس مندرجہ ذیل سوالات کا جواب ہونا چاہیے۔

1- ڈائننگ روم کتنے افراد کے زیر استعمال رہے گا؟

2- کیا مہمانوں کے لیے بھی اسی ڈائننگ روم کو استعمال کیاجائے گا؟

3- کھانے کے لیے برتن وغیرہ ڈائننگ روم میں اسٹور کیے جائینگے یا نہیں؟

4- کیا ڈائننگ روم صرف کھانے کے لیے استعمال ہوگا یا پھر بیٹھنے اور گپ شپ کے لیے بھی؟

ان سوالوں کے جوابات حاصل کرنے کے بعد، اب آپ ڈائننگ روم کی ڈیزائننگ اور دیگر لوازمات پر کام کرسکتے ہیں، مثلاً کھانے کا کمرہ کیسا ہونا چاہیے؟ اس کا فرنیچر کیسا ہونا چاہیے؟ کن رنگوں کا استعمال کرنا چاہیے؟ اس کی ترتیب کیسی ہونی چاہیے؟ آئیے اب ان سوالوں کے جوابات حاصل کرنے کے لیے درج ذیل تجاویز پر نظر ڈالتے ہیں۔

سیاہ و سفید

ایک جدید انداز کے کھانے کے کمرے کے لیے اس سے بہتر رنگوں کا مجموعہ اور کیا ہو سکتا ہے؟ نوکیلے کونوں والی میز اور چھت سے لٹکا حسین فانوس اسے چار چاند لگاتے ہیں۔ میز کے ایک طرف کرسیوں کے بجائے بڑا صوفا یا بینچ بھی رکھی جاسکتی ہے، تاکہ زیادہ افراد کی صورت میں جگہ کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

کھانے کے کمرے کا دلکش فرش

کھانے کے کمرے میں خوبصورتی لانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا فرش بھی باقی کمروں کی طرح خوبصورت اور دلکش ہو۔ اس مقصد کے لیے آپ فرش کے لیے دلکش اور خوبصورت رنگوں کی ٹائلز کا انتخاب کریں۔ فرش کی ٹائلز کا انتخاب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ لکڑی کا فرش بھی ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔

ہال نُما کھانے کا کمرہ

اگر آپ کے گھر میں جگہ موجود ہے تو اپنے کھانے کے کمرے کے لیے ایک ہال نُما کمرے کو منتخب کریں۔ کھانے کے کمرے کے لیے ہال ایک بہترین جگہ فراہم کرتا ہے۔ فرنیچر کے لیے بید کی بنی کُرسیاں کھانے کے کمرے میں دلکشی اور خوبصورتی پیدا کر تی ہیں۔

قدرتی ماحول سے ہم آہنگ

روایتی کھانے کے ماحول میں تبدیلی لائیں اور اس میں ترو تازگی لانے کے لیے اسے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ کریں۔ دیہی طرز کی چھت کے ساتھ کھانے کی میز کو بالکونی میں سجائیں۔ اس سے آپ کھانا کھانے کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

انڈسٹریل ڈیزائن

دیہی ڈیزائن کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ ڈیزائن بالکل بیکار اور لکڑی کا ایک ٹکڑا ہو، یہ ڈیزائن بہت خاص بھی بنایا جاسکتاہے۔ اس میں نہ تو بہت زیادہ پیٹرنز ہوتے ہیں اور نہ ہی یہ بہت زیادہ ڈیزائنوں کا مجموعہ ہوتا ہے لیکن پھر بھی یہ آپ کو شاندار لگے گا کیونکہ یہ بیچ اسٹائل میں بنایا جاتاہے۔ جدید گھروں کے لیے یہ ڈیزائن بہترین ہے۔

کیفے ٹیریا اسٹائل

گھر میں تبدیلی کس کو پسند نہیں ہوتی لیکن اگر وہ تبدیلی عام روایت سے ہٹ کر ہو تو وہ مزید خاص بن جاتی ہے۔ جیسے کہ باورچی خانے میں ایک کیفے ٹیریا اسٹائل میز لگادی جائے تو کیسا لگے گا؟ لکڑی کی بنی ہوئی میز اور اس کی لوہے کی سرمئی ٹانگیں ایک الگ تاثر دیتی ہیں۔

تازہ ترین