وزیر خارجہ ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگلے ہفتے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات ہوگی، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جو مدد ممکن ہوئی وہ کروں گا،عافیہ صدیقی کی مشکلات میں کمی کی کوشش کریں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کا دورہ بہت مفید رہا ،چین کی حد تک ہماری برآمدات رواں سال دگنی ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کا جو تاثر دیاجارہا تھا ، یہ ساری قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آسیہ بی بی کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے ہے، کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر ہوچکی ہے، اس کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ میری محدود اطلاعات کے مطابق آسیہ بی بی پاکستان میں ہیں ،جبکہ بہتر معلومات وزارت داخلہ کے پاس ہوں گی۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہم تو بھارت کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو کے لیے تیار تھے ، بھارت کے انتخابات تک مذاکرات میں پیش رفت دکھائی نہیں دیتی ۔