• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عافیہ کی بہن سے اگلے ہفتے ملاقات،مشکلات کم کرنے کی کوششیں کریں گے،شاہ محمود

ملتان / اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کریں گے، اگلے ہفتے عافیہ صدیقی کی بہن سے ملاقات ہو گی جس میں اس معاملے پر گفتگو کی جائے گی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں جو قانونی مدد ہو سکے گی کریں گے، آسیہ کیس میں نظر ثانی اپیل فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو اور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب کے دورہ کے بعد ہماری معاشی حالت بہتر ہوجائے گی ، امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد ڈو مور کے مطالبے سے نکلے ہیں آسیہ کے معاملے پر ریویو پٹیشن کی گئی ہے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔ میری محدودمعلومات کے مطابق آسیہ بی بی کو ملک سے باہر نہیں بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی بحالی صرف مذاکرات کے ذریعے ہوسکتی ہے لیکن بھارت مذاکرات پر آمادہ نہیں۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے مدد کی درخواست کریں گے۔ علاوہ ازیں جامعہ زکریا میں عالمی صوفی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ لوگوں کو نظریاتی بنیادوں پر ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تازہ ترین