• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ برس گھر کے بیرونی حصے کی سجاوٹ میں آتش دان کی تعمیر ایک نیا ٹرینڈ تھا، جو کہ کافی مقبول ہوا۔سردیوں کی ٹھٹھرتی شاموں میں گھر کے بیرونی حصے میں خوبصورت فن تعمیر کے شاہکارچھوٹے یا بڑے آتش دان اکثر گھروں میں دیکھے گئے۔ ہرنیا سال ٹرینڈ میں ایک نئی تبدیلی لاتا ہے اور اسی تبدیلی کے پیش نظر رواں برس آتش دان کے بجائے پانی سے سجاوٹ (واٹر فیچر) کے ٹرینڈز خاصے مقبول ہیں۔ .

لازمی نہیں کہ گھر میں پانی کے جھرنے بہائے جائیں بلکہ ایک چھوٹے سے خوبصورت اور دلکش فوارے کے ذریعے بھی گھر کو متاثر کن سجاوٹ سے آراستہ کرکے ٹرینڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے ۔ان فواروں کے ذریعے گرتے پانی کی آواز خاموش فضا میں خاصی پراسرار،جادوئی اور متاثر کن محسوس ہوتی ہے۔بہتے پانی کی خصوصیات نہ صرف گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ آپ کے جمالیاتی ذوق کی عکاسی بھی کرتی ہیں تو آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیں ان آئیڈیاز کی، جن کے ذریعےگھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں بہتے پانی کی آرائش کا بہترین استعمال کیا جاسکتا ہے۔

جگہ کا انتخاب

گھر میں پانی کو سجاوٹ کے طور پر استعمال کرنے کے لیےسب سے پہلے جگہ کا انتخاب کریں، مثلاً یہ فیصلہ کریں کہ آپ گھرکے اندرونی حصوں میں پانی سے آرائش کرناچاہتے ہیں یا بیرونی حصوں میں۔ گھر کے اندرونی حصوں میں راہداری اور لیونگ روم بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں جبکہ بیرونی حصوں کے لیے آؤٹ ڈور لیونگ روم، چھت ،صحن یا پھر گھر کا لان بہترین ہے ۔ آئیے گھر کے ان حصوں میں پانی سے سجاوٹ کے متعلق کچھ خصوصی آئیڈیاز کے بارے میں جانتے ہیں۔

اندرونی داخلی حصہ

گھر کا داخلی حصہ وہ خاص جگہ ہے جہاں سے مہمان یا آپ خودگھر میں داخل ہوتے ہیں، اس حصے کو متاثر کن بنانے کے لیےاس کی دیوار پر پانی اور لکڑی کا استعمال، گھر میں داخل ہونے والے کسی بھی انسان کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔یقیناً یہ آئیڈیا گھر کے داخلی حصے کے لیےحیرت انگیز اور دلچسپ انتخاب ثابت ہوسکتاہے۔ آپ لکڑی پر پانی کے بہاؤ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو بغیر کسی خرابی کے آسانی سے نیچے بنے جوہڑ میں گرتا ہو۔ یہ آئیڈیادیوار کو نئے انداز میں سجانے اور سب کی توجہ حاصل کرنے کا شاندار طریقہ ہے۔

سیڑھیوں کے نچلے حصے میں بنا آبشار

سیڑھیوں کے نچلے حصے میں اسٹوریج یا اس سے ملحقہ دیوار کے لیے ہم لائبریر ی شیلف یا اسٹوریج کی تعمیر پر تو پہلے بھی بات کرچکے ہیں لیکن اگر آپ اپنے گھر کے لیے کچھ لگژری اسٹائل کے خواہشمند ہیں تو سیڑھیوں کے نچلے حصے والی دیوار کے لیے آبشار کا انتخاب کریں۔ان دیواروں پر آبشار بنوانے کے لیےشیشے کا استعمال کیا جاتا ہے، جو دیکھنے والوں کو اس پر نظریں ٹھہرا نے پر مجبور کردیتا ہے۔

سوئمنگ پول وال

گھر کے بیرونی حصے میں سوئمنگ پول کے پاس والی دیوار کی آرائش اور اس پر گرتا ہوا پانی بھی ایک بہترین خیال ثابت ہوسکتا ہے۔ سوئمنگ پول ایریا پر آپ جدید سجاوٹی پتھروں سے بنی دیوار کے ذریعے پانی بہا سکتے ہیں۔ دیوار سے گرتا ہوا پانی کسی آبشار کا منظر پیش کرے گا۔ اس قسم کا ڈیزائن موٹر کی مدد سے پانی بہاتا ہے۔ کسی بھی ذریعے سے پانی لے کر تالاب میں گرانا نہایت آسان اور جادوئی ہے۔

پانی کا گڑھا

اگر آپ اپنے گھر میں کسی خوبصورت آبشار کے خواہشمند ہیں لیکن آپ کا بجٹ اس کی اجازت نہیں دیتا تو لان میں کچھ جگہ پانی کے لیے مختص کریں۔اس حصے میںپتھروں اور لکڑی سےچاروں کنارے بلاک کریں اور اس کے ایک حصے میں پانی کا بڑا گڑھا بنوالیں، فوارے کے ذریعے اس گڑھے میں گرتاپانی کسی خوبصورت آبشار سے کم محسوس نہیں ہوگا۔

لیونگ روم میں پانی کی دیوار

گھر میں مہمانوں کو بٹھانے کے لیے لیونگ روم کی سجاوٹ و آرائش کا ہم بے حدخیال رکھتے ہیں۔ اگر دوران تعمیر لیونگ روم کے لیے پانی کی آرائش والی دیوار تعمیر کروالی جائے تو یہ آپ کے لیونگ روم کی خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ بھی کرسکتی ہے۔ اس دیوار کی تعمیر کے لیے گرینائٹ کا استعمال ایک بہترین انتخاب ہے۔ اس آئیڈیے پر عمل کرنےکے لیےاینجیلاداناڈجیوا کی ڈیزائن کردہ دیوار سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، جو ان کے گھر میں تعمیر کی گئی ہے۔

باغیچے کیلئے دیوار میں نصب فوارہ

آپ کا باغیچہ چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، دیوار میں فوارہ آپ باغ کے کسی بھی حصے میں لگا سکتے ہیں۔ باغیچےکی دیوار پر لگا ننھا سا فوارہ، جس کا پانی سفید پتھروں میں گرتا ہو، نہایت دلکش لگتا ہے۔ مختلف بناوٹ اور رنگوں سے بنا یہ پورا منظر سکون اور تازگی بھرا احساس دیتا ہے۔

کنکریٹ کا فوارہ

کنکریٹ سے بنا فوارہ دیوار اور پانی کے امتزاج سے جادوئی اثردیتا ہے۔ کنکریٹ کے فوارے میں آدھی دیوار ہوتی ہے، جسے باغیچے کےمرکز میں بنایا جاسکتا ہے اور موٹر کی مدد سے پانی کو( آپ کے انتخاب کے مطابق) ہوا میں اچھالا جاتا ہے۔ ایسے میں باغ میں پانی کے مستقل بہاؤ کے دوران آپ اپنی پسند کی قدرتی خوبصورتی حاصل کر سکیں گے۔

تازہ ترین