لاہور کے علاقے شاد باغ کے مقامی قبرستان میں خاندانی رنجش کے باعث سوتیلی ماں کو اس کی 2بیٹیوں سمیت قتل کر دیا گیا، تیسری زخمی بیٹی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
زخمی رابعہ کے مطابق اس کے والد ملک اصغر علی عرف بلو کو چند روز قبل شیخوپورہ میں مبینہ طور پر اس کی دوسری بیوی کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
رابعہ کے مطابق اس کا بہنوئی سجاول والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کرنے کے لیے لایا، وہ اپنی سوتیلی والدہ لاڈو بیگم اور 2 بہنوں کے ہمراہ قبرستان پہنچی تو سجاول اور اس کے ساتھی گارڈ نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے اس کی سوتیلی والدہ اور 2بہنیں موقع پر جاں بحق ہو گئیں تاہم وہ زخمی حالت میں بھاگ گئی، جس پر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی اور رابعہ کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ تہرے قتل کے اس واقعے کی تفتیش کی جار ہی ہے، جس میں مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےماں اور 2 بیٹیوں کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔