• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوگل کے پاس بہت کچھ ہے، جسے وہ دوسروں کو سِکھانا چاہتا ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا انٹرنیٹ سرچ انجن متعدد آن لائن کورس پیش کرتا ہے، جو دلچسپی رکھنے والوں کو بالکل مفت یعنی بلامعاوضہ سِکھائے جاتے ہیں۔ گوگل یہ کام اپنے ایک پروجیکٹ گوگل گرو (https://grow.google)کے تحت کرتا ہے۔ ان مفت کورسز کے لیے گوگل کا ہدف طالب علم اور حال ہی میں گریجویٹ کرنے والے نوجوان ہوتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر ویسے تو کئی بلامعاوضہ کورس دستیاب ہیں، جن میں سے آپ اپنی پسند کے کورس کا انتخاب کرکے سِیکھ سکتے ہیں۔ گوگل ان کورسز کے ذریعے طلباء کے علاوہ اساتذہ،تاجروں، نوکری کی تلاش میں بیٹھے افراد، ٹیکنالوجی ڈیویلپرز کو بھی ٹارگٹ کرتا ہے۔ اگر آپ انٹرپرنیوئر ہیں یا انٹرپرنیوئر بننا چاہتے ہیں تو گوگل اس سلسلے میں بھی ان مفت کورسز کے ذریعے آپکی رہنمائی کرنا چاہتا ہے۔ پراڈکٹ کیسے بنائی جائے، اسٹارٹ اَپ کیسے شروع کیا جائے یا ایپ مارکیٹنگ کیسے کرنی ہے، گوگل آپ کی ہر مرحلے پر رہنمائی کرے گا۔آپ گوگل کے یہ مفت کورس ’کلاس سینٹرل‘ پر تلاش کرسکتے ہیں اور خود کو رجسٹر کرسکتے ہیں۔ ذیل میں گوگل کے چند سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مفت کورسز کا تعارف پیش کیا جارہا ہے، تاکہ آپ کو اندازہ ہوسکے کہ گوگل یہ کام کس طرح کرتا ہے۔

اسٹارٹ اَپ کیسے شروع کیا جائے

اسٹارٹ اَپ آج کے باصلاحیت اور خودمختار تعلیم یافتہ نوجوانوں کا پسندیدہ ترین شعبہ ہے، جس کے ذریعے، اگر آپ کے آئیڈیا میں جان ہے تو، آپ مختصر سے عرصے میں اپنی قسمت اور مستقبل کے خود مالک بن سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اگر آپ کو مزید کسی رہنمائی کی ضرورت ہے تو گوگل آپ کے لیے حاضر ہے۔گوگل کا یہ مفت آن لائن کورس آپ کو اسٹارٹ اپ شروع کرنے کا مجموعی جائزہ پیش کرے گا۔ اس میں آپ مشن اور ویژن اسٹیٹ منٹ تحریر کریں گے، آپ کو یہ سِکھایا جائے گا کہ آپ کس طرح مینٹور اور ٹیم ممبر تلاش کرسکتے ہیں، اپنے اسٹارٹ اَپ کے لیے سرمایہ کس طرح حاصل کرسکتے ہیں اور آپ کو پچ ڈیسک(Pitch Desk)کس طرح بنانی ہے، جہاں آپ کسٹمرز یا VCsکو آن بورڈ لیں گے۔یہ کورس آپ تین ہفتوں میں مکمل کرسکتے ہیں۔

ایپ مارکیٹنگ

گوگل کی جانب سے مفت پیش کیا جانے والا یہ ایک اور بہترین کورس ہے، جو انٹرپرنیوئرز کے لیے انتہائی پرکشش ہے۔اگر آپ ایپ ڈیویلپر ہیں اور اپنی ایپ لانچ کرنا چاہتےہیں مگر اس سلسلے میں آپ کو رہنمائی درکار ہے تو گوگل کا یہ آن لائن کورس آپ کے لیے بالکل مفت دستیاب ہے۔ صرف ایپ ڈیویلپر ہی نہیں، یہ کورس ان تمام انٹرپرنیوئرز کے لیے مفید رہے گا، جو آن لائن مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں، جوکہ آج کا تقریباً ہر بزنس اونر ہے۔ یہ کورس آپ دو ہفتوں میں مکمل کرسکتے ہیں۔

ایپ مونیٹائزیشن

گوگل کی جانب سے مفت آن لائن پیش کیا جانے والا یہ ایک اور زبردست کورس ہے، جو ایپ ڈیویلپمنٹ اور فری آن لائن کانٹینٹ(Content)سے متعلق ہے۔ اگر آپ کوئی ایپ بنانا چاہتے ہیں یا فری آن لائن کانٹینٹ بناکر اس سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو یہ کورس اس شعبے میں بنیادی تربیت اور مہارت حاصل کرنے کے لیے ایک بہترین موقع ہے ۔ یہ کورس آپ ایک ماہ میں مکمل کرسکتے ہیں۔

پراڈکٹ ڈیزائن

کیا آپ اپنے دماغ میں کسی پراڈکٹ کا زبردست آئیڈیا رکھتے ہیں؟ کیا آپ اس پراڈکٹ کو دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں؟ اگر آپ کا جواب ’ہاں‘ میں ہے تو پھر یہ کورس آپ ہی کے لیے ہے۔گوگل کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس مفت آن لائن کورس میں آپ کو اپنے آئیڈیا کو مزید بہتر بنانے، ایک موک اَپ(Mockup)تیار کرنے، اسے جلد از جلد ڈیزائن کرنے اور ممکنہ صارفین کے ساتھ رابطہ قائم کرایا جائے گا، جس سے آپ یہ اندازہ کرسکیں گے کہ مارکیٹ میں آنے کے بعد آپ کی پراڈکٹ اپنے لیے جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکے گی یا نہیں۔ اس سے آپ بعد کے اس دُکھ اور شاید مالی مشکلات سے بچ سکتے ہیں، کہ جب آپ اپنی پراڈکٹ کو مارکیٹ میں لے آئیں اور اس کے بعد آپ کو پتہ لگے کہ مارکیٹ میں تو آپ کی پراڈکٹ کو خریدنے والا ہی کوئی نہیں ہے۔

نیٹ ورکنگ

یہ کورس Grow with Google کے انٹری لیول نصاب کا حصہ ہے، اس لیے اگر آپ نیٹ ورکنگ کے ماہر اور لنکڈ اِن صارف ہیں تو یہ کورس آپ کے لیے نہیں ہے۔ لیکن اگر آپ نے ابھی ابھی نیٹ ورکنگ شروع کی ہے یا شروع کرنے والے ہیں تو اس صورت میں یہ کورس آپ کی رہنمائی کرسکتا ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو اپنا لنکڈ اِن پروفائل مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اورآپ سمجھتے ہیں کہ نیٹ ورکنگ کے پروگراموں کے دوران آپ کو مزید بہتر اور مزید مؤثر بننے کی ضرورت ہے، تو یہ کورس آپ کے لیے بہت مفید رہے گا۔بہرحال یہ کورس ایک ہی کلاس میں پڑھایا جاتا ہے، اگر آپ اٹینڈ کرسکتے ہیں تو ضرور اپلائی کریں۔ اس کورس کے ذریعے آپ کو یہ بھی سِکھایا جاتا ہے کہ آپ کسی کو ای میل کس طرح کریں کہ وہ اس کا آپ کو جواب ضرور دے۔

تازہ ترین