امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ میں مختلف ممالک میں جانی نقصان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق اموات کی مجموعی تعداد کم از کم 1,333 افراد تک پہنچ گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران میں کم از کم 1230 افراد شہید ہوئے ہیں، جن میں 175 طالبات اور اسکول عملہ بھی شامل ہیں جو ہفتے کے روز میناب میں ایک اسکول پر میزائل حملے میں مارے گئے۔
اسرائیل میں ایرانی اور حزب اللہ کے حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے، ان میں 9 افراد یکم مارچ کو بیئت شمیش پر ایرانی میزائل حملے میں مارے گئے، ایرانی حملوں میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں حملوں سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، بحرین میں میزائل مار گرانے پر صنعتی علاقے میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
کویت میں ایرانی حملوں سے 2 کویتی فوجیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے، عمان کی بندرگاہ پر ٹینکر پر پروجیکٹائل حملے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
لبنان پر اسرائیلی حملوں میں پیر سے اب تک کم از کم 77 افراد شہید ہوئے۔
اس طرح ایران، اسرائیل، خلیجی ممالک اور لبنان میں ہونے والی ہلاکتوں کو ملا کر کل کم از کم 1,333 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔