جِلد کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ یہ ہمارے جسم کی بیرونی تہہ ہے، تاہم جِلد کے بارے میں بس اتنا جاننا کافی نہیں ہے۔ انسانی جِلد تین تہوں پر مشتمل ہوتی ہے؛ ایپی ڈرمس (Epidermis)، ڈرمس (Dermis) اور ہائپو ڈرمس (Hypodermis)۔ جِلد ہمارے جسم کا سب سے بڑاحصہ ہے، جو جسم کو مائیکروبس (Microbes)سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ الٹرا وائلٹ (UV)نقصان سے بھی بچاتی ہے۔جِلد، جسم کی حرارت کو بھی قابو میں رکھتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جِلد کا خاص خیال رکھا جائے۔
جِلد کی اقسام
یقیناً، ہر انسان کی جِلد ایک جیسی نہیں ہوتی، بلکہ اکثر تو یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ایک ہی شخص اپنے چہرے پر ایک سے زائد اقسام کی جِلد رکھتا ہے۔ جِلد جہاں ہماری عمر اور قومیت کا پتہ دیتی ہے، وہاں اسے اس کی اقسام سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ آپ کی جِلد کس قسم کی ہے؟ اس کا دارومدار کئی عوامل پر ہوتا ہے، جیسے جینیات ، عمر اور ماحول وغیرہ۔ آپ کی جِلد اپنی ٹائپ کی بنیاد پر ہی اس بات کا تعین کرتی ہے کہ وہ اپنے اندر کتنی نمی کو سنبھال سکتی ہے، جِلد میں سیبم (Sebum) کی پیداوار کی شرح کیا رہے گی یا جِلد کی حساسیت کی سطح کیا ہوگی اور اس کے بعد یہ سارے عوامل اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ آپ کی جِلد کتنی بے داغ رہے گی یا پھر اس پر کتنے کیل مہاسے اور دانے وغیرہ اُبھریں گے۔
جِلد عمومی طور پر 4اقسام کی ہوتی ہے
٭نارمل جِلد(Normal Skin)
٭خشک جِلد(Dry Skin)
٭چکنی جِلد(Oily Skin)
٭مِلی جُلی جِلد(Combination Skin)
یہ ضروری ہے کہ آپ کو معلوم ہو کہ آپ کی جِلدکس قسم کی ہے کیونکہ اس کے بعد ہی آپ اپنے جِلدی مسائل کا دُرست حل تلاش اور دُرست پراڈکٹس کا استعمال کر پائیں گی۔ ہر شخص کی جِلد کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہر شخص کو اپنی جِلد کے لیے کسٹمائزڈ حل اور اپنی جِلد کے مطابق پراڈکٹس کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ جِلد کی ٹائپ کے مطابق، آپ کی اسکن کیئر روٹین ایسی ہونی چاہیے کہ آپ کی جِلد کی صحت ہر ممکن حد تک بہترین سطح پر برقرار رہے اورآپ کی جِلد عمر بڑھنے کے اثرات سے محفوظ رہے۔
نارمل جِلد
نارمل جِلد ایک انتہائی متوازن جِلد ہوتی ہے۔ نارمل جِلد کو Eudermic Skinبھی کہا جاتا ہے۔ نمی کی سطح، سیبم کی پیداوار اور دیگر تمام وہ عوامل جو جِلد کی صحت پر اثرانداز ہوتے ہیں، وہ سب نارمل حدود کے اندر رہتے ہیں۔ نارمل جِلد، مختلف جِلدی امراض سے ہر ممکنہ حد تک سب سے کم متاثر ہونے والی جِلد کہلاتی ہے اور ہر وقت صاف، چمکدار اور صحت مند نظر آتی ہے۔
نارمل جِلد کی خصوصیات:
٭ باریک مسام
٭ اچھا دوران خون
٭ نرم اور ملائم بناوٹ
٭ داغ دھبوں سے پاک
٭ تروتازہ جِلد
٭ نارمل جِلد حساس بھی نہیں ہوتی
اگرچہ، نارمل جِلد رکھنے والے افراد کو عمومی جِلدی امراض کا سامنا نہیں کرنا پڑتا مگر پھر بھی نارمل جِلد رکھنے والے افراد کو اسکن کیئر کی روٹین پر عمل درآمد کرنا چاہیے، جس میں موئسچرائزنگ، کلینزنگ اور دیگر احتیاطی تدابیر شامل ہیں۔
خشک جِلد
خشک جِلد یا Xeroxsis ایک عام شکایت ہے، جو جِلدی امراض کے ماہر کے پاس جانے والے تقریباً آدھے افراد کو ہوتی ہے۔ خشک جِلد کی وجہ جینیات یا وہ ماحول ہوسکتا ہے، جس میں آپ رہتی ہیں۔ اس ٹائپ کی جِلد رکھنے والے افراد میں جِلد کو فطری طور پر موئسچرائز رکھنے والے عناصر کی کمی ہوتی ہے، جس کے باعث ان کی جِلد میں نمی اور سیبم کی پیداوار ضرورت سے کم ہوتی ہے۔ سیبم جِلد میں پیدا ہونے والا فطری تیل ہوتا ہے، جو جِلد کو ماحولیاتی عناصر سے تحفظ فراہم کرتا ہے جیسے درجہ حرارت، مٹی اور نمی۔
مردوں کے مقابلے میں خواتین میں خشک جِلد کے مسائل زیادہ پائے جاتے ہیں۔ جسم کے کچھ حصے دیگر کے مقابلے میں زیادہ خشک ہونے کا رجحان رکھتے ہیں جیسے ہاتھ، بازو، ٹانگیں، ہتھیلی اور پاؤں کے تلوے وغیرہ۔ خشک جِلد، سخت، کھردر ی اور بے رونق محسوس ہوتی ہے۔ایسی جِلد میں کھنچائو بھی کم ہوتا ہے۔
چکنی جِلد
جب جِلد کے Sebaceousگلینڈ، ضرورت سے زیادہ سیبم پیدا کریں تو وہ جِلد چکنی بن جاتی ہے، اس کنڈیشن کو Seborrheaکا نام بھی دیا جاتا ہے۔ چکنی جِلد رکھنے والے افراد کو جِلدی مسائل کا سب سے زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چکنی جِلد، جینیات سے بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ ہارمونل تبدیلیاں، دباؤ، ادویات کا استعمال، غذا اور غیر معیاری اسکن کیئر پراڈکٹس کا استعمال بھی چکنی جِلد کی صورت حال کو مزید گمبھیر بناسکتا ہے۔ جِلد کی یہ قسم عورتوں کے مقابلے میں مردوں میں زیادہ پائی جاتی ہے۔
مِلی جُلی جِلد
یہ سب سے زیادہ پائی جانے والی جِلدی قسم ہے۔ ملی جلی جِلد کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے چہرے کی جِلد مختلف حصوں میں بیک وقت چکنی اور خشک ہوسکتی ہے۔ملی جلی جِلد رکھنے والے افراد میں ماتھے، ناک اور تھوڑی کا حصہ عموماً چکنا جبکہ گال، منہ اور آنکھوں کا حصہ خشک رہتا ہے۔ ملی جلی جِلد رکھنے والے افراد کو بیک وقت مختلف اقسام کی جِلد رکھنے کے باعث دیگر افراد سے مختلف اسکن کیئر روٹین اختیار کرنا پڑتی ہے، جوکہ ان کی جِلد کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے۔