اسلام آباد( نمائندہ جنگ) چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے بارے میں موجودہ حکومت کا ہر دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، تمام اکنامک انڈیکٹرز حکومت کے خلاف جا رہے ہیں، پنجاب میں ہماری حکومت میں ایک کروڑ افراد غربت سے نکلے اور 5 سال میں 70لاکھ کو روزگار ملا۔ غیر ملکی قرضہ ان کے دور میں دگنا ہو کر 66بلین ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ ہمارے دور میں پاکستان ایشیاء کا واحد ملک تھا جو ورلڈ بینک کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا اس کا تمام قرضہ ادا کر کے گڈ بائے کہہ دیا تھا لیکن آج ہر پاکستانی پر 1لاکھ 2 ہزار روپے کا قرضہ ہے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر تنظیم نو کے سلسلہ میں پارٹی رہنماؤں اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ غیرملکی سرمایہ کاری بھی ہمارے دور کے مقابلہ میں آدھی رہ گئی ہے اور پچھلے سال صرف 6ء2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، ڈالر آج 106 روپے اور 2007ء میں 61 روپے کا تھا، غربت اور بیروزگاری اتنی بڑھ چکی ہے کہ حکومت نے اس کی شرح اکنامک سروے رپورٹ میں شائع کرنا بند کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی نئی رپورٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو پتہ ہے کہ عادل گیلانی ان کے ذاتی ملازم ہیں اور یہ رپورٹیں رائے ونڈ میں تیار ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ کارڈ سکیم کو حکومت کی موبائل ہیلتھ یونٹ سکیم سے بڑا ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہاں ہیں موبائل ہیلتھ یونٹ، سستی روٹی اور دیگر نمائشی سکیمیں، ہیلتھ کارڈ کے نام پر ن لیگی کارندوں کے پرائیویٹ ہسپتالوں کو نوازنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کے وہ تمام میگا پراجیکٹ جو ہم نے شروع کیے وہ بند کر دئیے گئے ہیں، وزیرآباد کارڈیالوجی کی بندش سے تقریباً 4ہزار مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پرویزالٰہی نے تنظیم سازی مہم کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں لوگ موٹروے کی سپیڈ سے مسلم لیگ میں واپس آئیں گے۔