• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، پراپرٹی ڈیلر سے ایک کروڑ روپے بھتہ مانگنے والا ملزم گرفتار

پشاور(نمائندہ جنگ) محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے تحریک طالبان کے نام پر، پراپرٹی ڈیلر سے ایک کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کرنے اور عدم ادائیگی پر مکان پر دستی بم سے حملہ کرنے میں ملوث بھتہ خور کو گرفتار کرلیا ہے ،ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جس سے اہم انکشافات متوقع ہیں، ملزم ابراہیم تحریک طالبان کے نام پر عبد الرزاق سے بھتہ مانگ رہا تھا، نہ ملنے پر مکان پر دستی بم بھی پھینکا تھا،پوچھ گچھ شروع کردی۔ انسداد دہشت گردی پشاور (سی ٹی ڈی) سے جاری بیان کے مطابق نامعلوم دہشت گرد پشاور کے پراپرٹی ڈیلر عبد الرزاق ولد غلام فاروق ساکن دلہ زاک روڈ سے بذریعہ فون ایک کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کررہے تھے جبکہ نہ دینے پر گزشتہ دنوں اُن کی مکان پر دستی بم سے حملہ بھی کیا تاہم خوش قسمتی سے بم پھٹ نہ سکا جسے بعد ازاں بی ڈی یو نے ناکارہ بنادیا ۔ بیان کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور گزشتہ روز قاضی کلی میں ایک کارروائی کے دوران ملزم ابراہیم عرف ٹک ٹوک ولد محمد اسحاق کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق تحریک طالبان الاحرار گروپ سے ہے۔ بیان کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین