برمنگھم (ابرار مغل / آصف محمود) پاکستان میں ممکنہ آبی بحران سے نمٹنے کیلئے مختلف ڈیموں کی تعمیر کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کئے گئے اعلان پر مالی مدد کیلئے برطانیہ کے مختلف شہروں کی طرح برمنگھم میں بھی بڑے پیمانے پر فنڈ ریزنگ تقریب مورخہ24نومبر بروز ہفتہ ہو رہی ہے۔ عامر خان فائونڈیشن کے اشتراک سے ہونے والی اس تقریب کے مہمان خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار ہوں گے۔ اس تقریب کے آرگنائزر و سابق کونسلر راجہ شوکت علی خان نے ساتھیوں کے ہمراہ برمنگھم میں پریس کانفرنس کی اور اس تقریب کی تفصیلات اور انتظامات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید عزیز، کونسلر ذاکر اللہ چوہدری، راجہ رجاسب خان، حاجی نائب مغل، مرزا فیصل محمود، راجہ جاوید، چوہدری لیاقت ، ڈاکٹر ہارون رشید، چوہدری اظہر اقبال سمیت مختلف اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ راجہ شوکت علی نے کہا کہ پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلہ میں برطانیہ بھر میں کمیونٹی میں جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ برمنگھم میں عظیم الشان فنڈ ریزنگ تقریب بھی منعقد ہو رہی ہے۔ اس تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان اور عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان بذات خود شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ وطن عزیز کی خوشحالی اور سلامتی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ اس لئے 24نومبر کو برمنگھم میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت کرکے چیف جسٹس آف پاکستان کو خود بھی عطیات اور فنڈز دی جاسکتی ہے۔ نائب مغل، رجاسب خان، راجہ جاوید، مرزا فیصل نے کہا کہ اہل برمنگھم کی خوش قسمتی ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان ان کے پاس برمنگھم میں آرہے ہیں۔ انہیں دکھانا اور بتانا ہوگا کہ برمنگھم میں مقیم صحیح معنوں میں محب وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 24نونمبر بروز ہفتہ دن ایک بجے مجیسٹک ہال میں ہزاروں افراد کی شرکت پورے برمنگھم کیلئے اعزاز اور فخر کی بات ہوگی۔