• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے پاکستان کے دعویدار عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبونا چاہتے ہیں،صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حقیقی قیادت قوم پر فیصلے مسلط نہیں کیا کرتی بلکہ عوامی خواہشات و زمینی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے اپنے قبلے کی درستگی کے ساتھ قوم کے ہمقدم رہا کرتی ہے۔ سونامی کا ورد کرنے والے اقتدار ملتے ہی اپنے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبونا چاہتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی خوشیوں کا حصول تو دور کی بات عوام انتہائی غیر محسوس طریقے سے نان شبینہ سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیں۔ بارہا کئے جانیوالے لاحاصل تجربات نے جہاں ہمارے قومی تشخص کو بری طرح مجروح کیا وہیں عالمی سطح پر ہمیں تنہا کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ قیادت کی شعبدہ بازیوں سے قوم کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ قیادت کا فقدان مسلسل مصائب و مشکلات میں اضافے کا باعث بنا ہوا ہے۔ ان گمبھیر حالات میں ایک حقیقی قیادت قوم کی اولین ضرورت ہے ملک کو ایک مرتبہ پھر ذوالفقار علی بھٹو جیسی نڈر قیادت کی ضرورت ہے جو دشمنان وطن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہنے کا بلند حوصلہ رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پرائی جنگ میں خود کو جھونکنے کے نتائج قوم کے سامنے ہیں، ہزاروں قربانیاں دینے کے باوجود سامراجی طرزعمل بھی آج اپنوں ہی کی وجہ سے ہمارے گلے میں ہڈی ثابت ہورہا ہے۔ نئے پاکستان کے دعویدار پہلے پرانے پاکستان کو تو مشکلات سے نکالیں پھر نئے پاکستان کے قیام کی تاریخ رقم کریں۔
تازہ ترین