• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ملائیشین وزرائے اعظم کی پریس کانفرنس

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاع، تعلیم، سیاحت، کرپشن کے خاتمے اور دیگر امور میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

ملائیشیا کے دورے پر گئے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے دارالحکومت کوالالمپور میں ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی ہے۔


پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ ملائیشین وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد آئندہ مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنے اور یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ مستقبل میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خزانہ، نجکاری،سیاحت خوراک اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی دونوں سربراہان مملکت میں اتفاق ہوا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ماضی کے تجربات سے سیکھنے ملائیشیا آئے ہیں،ملائیشیا اور پاکستان کے حالات ملتے جلتے ہیں۔

اس سے قبل ملائیشیا میں عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہےجبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران دونوں ممالک کےدرمیان ویزے کےجزوی خاتمے کے معاہدے پردستخط ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان ملائیشین اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ رات 2 روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اعظم کے معاون خصوصی رزاق داؤد اور دیگر بھی ہیں

وزیراعظم آفس ملائیشیا میں نائب وزیرڈاکٹرمحمد فرید بن رفیق نے عمران خان کا استقبال کیا، ان کے ساتھ ملائیشین نائب وزیر خارجہ اور پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو دورے کی دعوت ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے دی ہے، دورے کے دوران دونوں ملکوں میں تجارت، ماہرین کے تبادلوں اوردیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے پربات ہوگی۔

تازہ ترین