کیا آپ سلائم میکنگ سے متعلق جانتے ہیں؟ اگر آپ کے گھر میں اسکول جانے والے بچےہیں تویقیناً آپ بچوں کے اس نئے مشغلے سے آگاہ ہوں گے کیونکہ وہ اس میں ہر وقت مشغول رہتے ہیں۔ تاہم گھر میں چھوٹے بچے ہونے کے باوجود اگر آپ کا گھرانہ اس نئے مشغلے سے کوسوں دور ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے گھر میں شیونگ کریم،فیس ماسک اور دیگر ضروری سامان ابھی محفوظ ہیں کیونکہ سلائم بنانے کے لیے ان کا استعمال کیا جاتا ہے اور آپ بچوں کی توجہ ، خوشی اور مصروفیت دیکھتے ہوئے انھیں یہ چیزیں استعمال کرنے سے منع بھی نہیں کرپائیں گے۔ یہ سودا اتنا مہنگا بھی نہیں کیونکہ آپ بچوں کے کھلونوں کی خریداری کے لیے بھی اچھے خاصے پیسے خرچ کرتے ہی ہیںتو کیوں نہ اس نئے شوق اور بہترین مصروفیت کی خاطر انھیں سلائم میکنگ کے ضروری اجزا استعمال کرنے دیے جائیں لیکن سب سے پہلے آپ کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ سلائم آخر ہےکیا ؟
سلائم گلو،پانی، شکر اور دیگر متحرک عناصر (جنہیں آپ استعمال کرنا چاہیں ) سے تیار کردہ لیس دار مادے کو کہتے ہیں، جسے بچے پلے ڈو کی طرح استعمال کرتے ہوئے اس سےکئی دلچسپ اشیا بناسکتے ہیں۔ سلائم میکنگ پر غور کیا جائے تو اس میں آپ کے بچے کے سیکھنے کے لیے ایک سائنس چھپی ہے۔ سلائم میں ایسےا جزا شامل ہوتے ہیں، جن کے مالیکیولز لمبے اور دھاگے کی شکل کے ہوتے ہیں اور جب تیاری کے وقت اس میں بوریکس ڈالا جاتا ہے تو یہ مالیکیولز مل کر مائع کو نیم ٹھوس شکل، یعنی سلائم کی شکل دیتے ہیں۔ سلائم کے ذریعے نہ صرف آپ کا بچہ مصروف رہے گا بلکہ وہ مسرور اور شاداں ہو کر جب پوری طرح کھیل چکے گا تو خوب سیر ہو کر اپنی خوراک لے گا اور بہت سکون کی نیند سو سکے گا۔
اب سوال یہ ہے کہ سلائم بنایا کیسے جائے؟ مارکیٹ کا رُخ کیا جائے تو وہاں ڈھیروں ریڈی میڈ سلائم موجود ہیں، جنہیں بچوں کو خرید کر دیا جاسکتا ہے لیکن جو مزہ اور سیکھنےکا مرحلہ سلائم بنانے میں ہے، وہ ریڈی میڈ سلائم کی خریداری میں نہیں۔ تو آئیے آج بات کرتے ہیں ان طریقوں کی جن پر عمل کرتے ہوئے بچوں کے لیےگھر میں ہی سلائم تیار کیا جاسکتا ہے ۔
سادہ اور رنگین سلائم
سادہ اور رنگین سلائم بنانے کیلئے اسکول گلو،پانی، دو باؤل، فوڈ کلر اوربوریکس جیسے اجزا درکار ہیں۔
طریقہ:اس کو بنانے کے لیےایک پیالے میں ایک اونس گلو (ایک گلو کی بوتل کا چوتھائی حصہ ) ڈالیں، اب ایک چوتھائی کپ پانی شامل کرلیں۔ کلر فل سلائم بنانے کے لیے گلو ڈالنے کے بعد پہلے فوڈ کلر شامل کریں اور پھر اس کے بعد پانی ملائیں۔ چھوٹی سی اسٹک یا چمچ لیں اور اس مکسچر کو اچھی طرح مکس کرنے کے بعد اس میں ہونے والی تبدیلی پر غور کریں۔ اگلا مرحلہ بوریکس شامل کرنا ہے، ایک چوتھائی کپ بوریکس اس مکسچر میں شامل کریں اور ہلکا ہلکا مکس کریں۔ اب آپ نوٹ کریں گے کہ جب پانی اور گلو کے مکسچر میں بوریکس کا اضافہ کیا گیا تو یہ مالیکیولز مل کر مائع کو نیم ٹھوس شکل، یعنی سلائم کی شکل دینے میں کا میاب ہوگئے ہیں۔ اس تیار شدہ سلائم سے جب بچے کھیل چکیں تو اسے پلاسٹک بیگ میں ڈال کر دوسری بار کے لیے فریز بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس سلائم کی تیاری میں سادہ گلو کے بجائے مختلف اقسام کے گلو بھی شامل کیے جاسکتے ہیں ۔
سپر سلائم کیسے بنایا جائے؟
سلائم کی ایک لیس دار قسم سپر سلائم بھی ہے۔ سلائم کی اس قسم کا استعمال آپ نے اکثر فلموں میں بھی دیکھا ہوگا۔ اس سلائم کی تیاری میں پانی کے بجائے پولی وینائل الکوحل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ سلائم اگر چہ نان ٹاکسک (Non-Toxic)ہے لیکن کیمیکل اجزا کی شمولیت کے باعث جب بچے اس سے کھیل چکیں تو لازمی ان کے ہاتھ دھلوائے جائیں۔
اس کو بنانے کے لیے پولی وینائل الکوحل ، بوریکس، جار اور فوڈ کلرنگ جیسے اجزا درکار ہیں۔
طریقہ:آدھا کپ پولی وینائل الکوحل ایک جار میں شامل کرلیں۔ اگر آپ کلر فل سلائم چاہتے ہیں تو اس میں کلرنگ فوڈ شامل کرکے آہستہ آہستہ مکسچر کو ہلائیں، پھر دو چمچ بوریکس اس میں شامل کریں اور اسے ہلانے کا عمل جاری رکھیں۔ لیجیے آپ کے بچوں کیلئے سپر کلر فل سلائم تیار ہے ۔
گلوز سلائم کیسے بنایا جائے؟
سلائم کی اس قسم کو اسکمڈ ملک کی مددسے تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے ضروری اجزا میں اسکمڈ ملک، بیکنگ سوڈا، سرکہ اور کافی فلٹر شامل ہیں۔
طریقہ:ایک پیالے میں سات چمچ اسکمڈ ملک نکال لیں۔ اب اس میں ایک چمچ سرکہ شامل کریں اور اس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک یہ مکسچر ٹھوس شکل اختیار نہ کرلے۔ بہترین نتائج کے لیے اِسٹک کے بجائے کافی فلٹر کا استعمال کریں۔ اس میں ایک چوتھائی چمچہ بیکنگ سوڈا بھی شامل کرلیں۔ بیکنگ سوڈا آپ کے مکسچر کو زیادہ نرم وملائم بنانے میں مددگار رہے گا۔
اس سلائم کے کئی دیگر فوائد بھی ہیں، ایک طرف سلائم بنانےکا عمل بچوں کوبہترین مصروفیت دے گا، تو دوسری طرف آپ کو سکون اور اطمینان دینے کا سبب بھی بنے گا۔ یہی نہیں، ماہرین سلائم میکنگ کو ذہنی دباؤ اور ڈپریشن میں کمی کا ذریعہ بھی بتاتے ہیں ۔