لاہور (نمائندہ جنگ) بحریہ ٹاؤن گرینڈ مسجد میں گزشتہ روز ہزاروں مسلمانوں نے موئے مبارک کی زیارت کی۔
جمعہ کی نماز کے بعد عصر تک مردوں نے اور عصر سے مغرب تک خواتین نے موئے مبارک کی زیارت کی۔ بحریہ گرینڈ مسجد کے خطیب مفتی احمد علی کے مطابق تقریباً 25ہزار افراد نے موئے مبارک کی زیارت کی۔
مفتی احمد علی نے کہاکہ موئے مبارک کی زیارت باعث ثواب ہے۔ حضور نبی کریم ؐ کو اللہ تعالیٰ نے نبی بنا کر بھیجا ہر مسلمان چاہتا ہے کہ اسے نبی کا امتی بنا دے۔ حضور نبی کریم ؐ کے قوانین ان کی سیرت ہے۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے حضور نبی کریم ؐ کی ریش مبارک کے بال کی زیارت کا انتظام کیا تھا۔
انتظامیہ نے اس موقع پر خصوصی انتظامات کئے تھے۔ فرزندان توحید نے بڑے امن و سکون کے ساتھ قطار میں کھڑے ہو کر باری باری موئے مبارک کی زیارت درود پاک پڑھتے ہوئے کی۔
مرد حضرات نے نماز جمعہ سے نماز عصر تک اور ہزاروں خواتین نے نماز عصر سے نماز مغرب تک کے اوقات میں پیغمبر اسلامؐ کے موئے مبارک کی زیارت کا شرف حاصل کیا اور اپنے دل کی دعائیں مانگیں۔ موئے مبارک کی زیارت کیلئے نہ صرف لاہور بلکہ اردگرد کے شہروں سے بھی ہزاروں لوگ گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون لاہور پہنچے تھے۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد منتظمین نے ایک ایک کر کے رسالت مآبؐ کے پروانوں کو انتہائی قریب سے موئے مبارک کو شیشے کی ایک صندوقچی میں دکھایا۔
موئے مبارک کی زیارت کی وجہ سے نماز جمعہ کے موقع پر گرینڈ مسجد جو دنیا کی ساتویں بڑی اور پاکستان میں اندرونی گنجائش کے لحاظ سے سب سے بڑی مسجد ہے نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔
موئے مبارک کی زیارت کیلئے آنے والوں نے گرینڈ جامع مسجد میں قرآن لائبریری بھی دیکھی جس میں پانچ سو سال سے ایک ہزار برس قدیم قرآنی نسخے اپنی اصل حالت میں محفوظ رکھے گئے ہیں۔
ان نسخوں کے علاوہ اسلام‘ تاریخ اور ادب کے موضوعات پر کتب شامل ہیں۔ بحریہ ٹائون کے بانیوں میں سے ایک ائرکموڈور جاوید احسن مرحوم نے یہ نسخے انڈونیشیا‘ ایران‘ افغانستان‘ سعودی عرب اور دوسرے اسلامی ملکوں سے اکٹھے کئے ہیں اور یہ پاکستانی قوم کا ایک بڑا اثاثہ ہے۔