خواتین اپنی جِلدمیں نکھار لانے اور اسے خوبصورت بنانے کے لیے آئے دن بیوٹی پارلر کا رُخ کرتی ہیں۔ خوبصورت اور آئیڈیل جِلد کےلیے ٹریٹمنٹ کروانے کے بجائے آپ خود بھی اپنی جِلد کاخیال رکھ سکتی ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اپنی روزمرہ روٹین میں اسکن کیئر کو شامل کیا جائے۔ کیونکہ جِلد کو آپ کی توجہ روزانہ کی بنیادوں پر درکار ہوتی ہے۔وہ خواتین جو باقاعدگی کے ساتھ اپنی جِلد کا خیال رکھتی ہیں، وہ جِلد کے مختلف مسائل سے محفوظ رہتی ہیں۔ یہی نہیں،جِلد کی باقاعدہ حفاظت چہرے کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہے۔
نہار منھ پانی پئیں
صبح کا آغاز پانی کے ساتھ کیجیے۔ نہار منھ پانی پینا نہ صرف جِلدبلکہ ایک اچھی اور صحت مند زندگی کےلیے بھی بے حد ضروری ہے۔ صبح کی چائے کافی بھول جائیں لیکن پانی ہر گز نہ بھولیں ۔صبح پانی پینے کی عادت اپنانے کے نتیجے میںچہرے کی جھریاں نمودار ہونا رُک جاتی ہیں، ساتھ ہی جِلد صحت مند، سرخی مائل اور جگمگانے لگتی ہے۔
ڈبل کلینزنگ
ہم عام طور پر چہرے کی صفائی کے لیے عام کلینزر کا استعمال کرتے ہیں۔ حُسن و جمالیات کو نئے انداز سے روشناس کرانے والی الیشیا یون کا کہنا ہےکہ وہ خود بھی کورین ڈبل کلینزنگ کے تجربات سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ ڈبل کلینزنگ جِلد کی بہتر ی اور اسے صحت مندرکھنے میں مدددیتی ہے۔اگر آپ بھی کورین بیوٹی روٹین سے واقف ہیں تو یقیناً ڈبل کلینزنگ آپ کے لیے کچھ نیا تجربہ نہیں ہوگا۔ ڈبل کلینزنگ کرتے ہوئے آئل پر مشتمل کلینزنگ پہلے کی جاتی ہے۔ آئل اورپانی ایک دوسرے سے جدا ہوتے ہیں، اس لیے عام کلینزرجِلد پر موجود آئل والے میل کچیل کو مؤثر طریقے سے صاف نہیں کرپاتا۔ اگرآپ کی جِلد آئلی ہے تو آئل کلینزر ہی بہتر مدد کرتاہے،کلینزنگ کے بد لے چہرے کو گرم پانی کے ساتھ دھویا جاتا ہے۔ دوسرے اسٹیپ میں جِلد کی ریگولر کلینزرسے کلینزنگ کی جاتی ہے، جو جِلد کی صفائی کے ساتھ اس کی تروتازگی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
موئسچرائزنگ
جِلد کی خوبصورتی وشادابی کو برقرار رکھنے کے لئے جِلد کی موئسچرائزنگ کرنا بے حد ضروری ہے۔اگر آپ کی جِلد چکنی ہے تو جیل بیسڈ موئسچرائزر استعمال کریں، یہ جِلد کو ہائیڈریٹ کرنے میں مددگار ہےصاف وشفاف، تروتازہ، نرم ونازک اور جھریوں سے پاک جِلد کے حصول کی کوششوں میں جدید قسم کے کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کروانے سے بہتر ہے کہ آپ اپنی جِلد کی باقاعدگی سے موئسچرائزنگ کا خاص خیال رکھیں۔
ٹونر
ٹونر کا استعمال چکنی جِلد کی خواتین کے لیے بہترین ہے۔ٹونر جِلد کیpHکو متوازن رکھنے کے ساتھ ساتھ جلِد کی ہائیڈریشن اور صحت کے لیے بھی بے حد ضروری ہے۔ گرمی کے دنوں میں میک اَپ کرنے سے قبل آئل کنٹرول فیس وائپس سے چہرہ صاف کرلیں اور پھرآئل کنٹرول ٹونر لگائیں۔ بطور خاص ٹی زون یعنی پیشانی، ناک اورٹھوڑی پر آئل کنٹرول ٹونر لگائیں کیونکہ چہرے پر ان ہی تین مقامات پر زیادہ پسینہ آتا ہے۔مارکیٹ میں جِلد کی ہر قسم کے لیے ٹونرموجود ہیں۔ چند ایک ٹونر میں رائل جیلی بھی شامل ہوتی ہے، جو خشک جِلد کی نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہے اور دونوں کا امتزاج ، جِلد کے خشک اورآئلی حصوں کو ان کی مناسبت سے ہائیڈریٹ کرتاہے۔
سیرم
ماحولیاتی آلودگی سے جِلد کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ سیرم کا استعمال کریںسیر م ایک ایسا بیوٹی پراڈکٹ ہے، جو جِلد کی حفاظت کے لئے خصوصی طور پر بے حد زودِ اثر ہے۔ بیوٹی ایکسپرٹ کی رائے کے مطابق دوسرے بیوٹی پراڈکٹس کے برعکس سیرم براہ راست جِلد کی گہرائی میں جا کر اثر دکھاتے ہیں مثلا موئسچر ائزر جو کہ بنیادی طور پر صرف جِلد کی اوپری سطح پر کام دکھاتے ہیں۔ علاوہ ازیں سیرم بیوٹی کریمز کے مقابلے میں 10گنا زیادہ جِلد میں جذب ہوتا ہے۔