یکم مئی1988ء کو ایودیھیا میں پیدا ہونے والی مشہور اداکارہ انوشکا شرما نے ہندی فلم ’’ رب نے بنادی جوڑی‘‘ سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا اور اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتے ہوئے کبھی ایسا نہیں لگا کہ یہ ان کی ڈیبیو فلم ہے۔ انوشکا بھارت کی مشہور ترین اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ انوشکا کو کئی فلمی اعزازات مل چکے ہیں، بشمول ایک عدد فلم فیئر ایوارڈ کے جبکہ وہ فلم فیئر ایوارڈ کے لیے سات بار نامزدگی حاصل کرچکی ہیں۔انوشکا نے 2007ء میں فیشن ڈیزائنر وینڈیل روڈریکس کے لیے پہلی بار ماڈلنگ کرکے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد میں مستقل طور پر ماڈلنگ کو بطور پیشہ اپنانے کے لیے ممبئی منتقل ہو گئیں۔انوشکا 11دسمبر 2017ء کو مسز ویرات کوہلی بن گئی تھیں، شادی کے بعد بھی وہ فلموں میں مصروف ہیں۔ آئیں ان کی خوبصورتی اور فٹنس کے رازجانتے ہیں۔
بیوٹی سیکریٹس
ہمیشہ خوبصور ت اور دلکش دکھائی دینے والی انوشکا کی بیوٹی روٹین کچھ اس طرح ہے :
اسکن کیئر
جِلد کی دیکھ بھال کیلئے انوشکا گھر میں موجو قدرتی اجزاء سے تیار ہوم میڈ ماسک استعمال کرتی ہیں ۔ اپنے ہوم میڈ ماسک میں انوشکا قدرتی اجزاء جیسے دودھ ، شہد ، پپیتا اور کیلے کااستعما ل کرتی ہیں۔
ہیئر کیئر
بالوں کی دیکھ بھال کیلئے انوشکا کوکونٹ آئل کے ساتھ آملہ کا پائوڈر اور پانی شامل کرکے لگاتی ہیں۔ اس سے وہ اپنے بالوں کو اسکرب کرتی ہیں ۔ انوشکا دوسروں کو بھی مشورہ دیتی ہیں کہ جب آپ دھوپ میں نکلیں تو اپنے بال اسکارف ، ہیٹ یا چھتری سے کور کرکے رکھا کریں۔
ڈائٹ پلان
انوشکا شرما جنک فوڈ بالکل نہیں کھاتی ہیں کیونکہ جنک فوڈ جسم پر برے اثرات ڈالتے ہیں اور وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انوشکا صحت بخش غذائیں کھانے پر یقین رکھتی ہیں اور سبزیاں ان کی پسندیدہ ہیں۔ انوشکا کی ڈائٹ روٹین کچھ یوں ہے :
صبح کا ناشتہ:دوانڈے بغیر زردی ، ایک گلاس تازہ جوس اور پنیر کا ٹوسٹ
دوپہر کا کھانا:گھر میں پکی سبزیوں کا سالن،دال ، چپاتیاں اور سلاد
رات کا کھانا:چکن مکھنی، روٹی کے ساتھ سبزی کاسالن، رات سونے سے پہلے ایک گلاس دودھ
ورک آئوٹ اور یوگا
انوشکا باقاعدگی سے جِم نہیں جاتی بلکہ ہفتے میں صرف چار دن وہاں گزارتی ہیں۔ اپنے جسم میں لچک برقرار رکھنے کیلئے وہ باقاعدگی سے یوگا کرتی ہیں اور20منٹ تک پید ل چلتی ہیں۔ انوشکا کو رقص کرنا بھی پسند ہے اور وہ اسے بھی اپنے ورک آئوٹ کا حصہ بناتے ہوئے 30 منٹ تک رقص کرتی ہیں۔
میک اَپ بیگ میں کیا ہے ؟
آپ کو انوشکا شرما کے بیگ میں ہمیشہ آئی شیڈو، آئی پنسل، پاؤڈر بلش، لیکویڈ آئی لائنر،لپ اسٹک، ربربینڈ اور سن گلاسز ملیں گے ۔اس کے علاوہ انوشکا مشہور برانڈز کا مسکارا، ہربل کاجل اور میک اَپ پائوڈر استعمال کرکے اپنی خوبصورتی کو نیا انداز دیتی ہیں۔
ویرات کوہلی کا چیلنچ
ویرات کوہلی نے اپنی بیوی اداکارہ انوشکا شرما کو فٹنس چیلنج دیا تھا جسے انوشکا نے قبول کرلیا تھا۔ کوہلی کو یہ چیلنج دراصل وزارت کھیل کی جانب سے دیا گیا تھا، جسے نہ صرف کوہلی نے قبول کیا بلکہ اس کے جواب میں اپنی اہلیہ انوشکا کے ساتھ اپنے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی چیلنج دے ڈالا تھا۔
سوشل میڈیا پر ان کی تصویر پرٹرولنگ
انوشکا شرما کی فلم سوئی دھاگہ میں روتے چہرے کا سوشل میڈیا پر خوب مذاق بنا اور اس فلم کے ٹریلر پر سوشل میڈیا میں اپنا مذاق بنتا دیکھ کر انوشکا شرماخود بھی لطف اندوز ہوئیں۔ انوشکا نے ہنستے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر تصویریں دیکھ کر لوگوں کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوتا ہے،ان کے چہرے کے تاثرات کا مذاق بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹریلر لوگوں کو پسند آیا۔