لاہور (نمائندہ جنگ) بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن (ر) امریندر سنگھ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو کرتارپور سرحد کھولے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے بھارتی پنجاب کے دورے اور 26نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کیپٹن (ر) امریندر سنگھ کے معتمد خاص سینئر وزیر رانا گورمیت سنگھ سوڈھی نے اس سلسلہ میں چوہدری پرویز الہٰی کو فون کیا۔ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ کرتارپور سرحد کھولنے کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) امریندر سنگھ پاکستان آئیں، میں بھی بھارت کا دورہ کروں گا۔ 2005ء میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی خصوصی دعوت پر کیپٹن (ر) امریندر سنگھ لاہور آئے تھے اور یہاں انہوں نے چوہدری پرویز الہٰی کے ساتھ مل کر واہگہ سے ننکانہ صاحب تک دو رویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ ننکانہ صاحب کو ضلع کا درجہ بھی چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں دیا گیا تھا جبکہ گوردوارہ کرتار پور تک جانے والی سڑک بھی چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں مکمل ہوئی تھی۔