لاہور(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانات کے بعد ان کا بچنا مشکل ہو چکا ہے،حکومت کے 100روز کے پلان سے کچھ نکلنا ہے اور نہ نکل سکتا ہے ، پی ٹی آئی نے صرف بڑھکیں ماری ہوئی ہیں اور انہیں خفت اٹھانا پڑ رہی ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات سیدھے سیدھے ہیں ۔ انہوں نے بطور وزیر اعظم قومی اسمبلی میں جو ریکارڈڈ بیان دیا اب اس سے منحرف ہو رہے ہیں ۔ نواز شریف کے وکلاء آرٹیکل 66پر انحصار کر رہے ہیں ۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ اسمبلی میں جو کہا تھاکہ جھوٹ کہا تھا لیکن آرٹیکل 66انہیں تحفظ دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں کسی کے بھی جیل جانے پر خوش نہیں ہوں لیکن نواز شریف نے جو بیان دیا ہے اس کے بعد ان کا بچنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں نواز شریف کو کون الٹے الٹے مشورے دیتا ہے ،اسی طرح انہیں قطری خط پر بھی مشورہ دیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے جوسو روز کا کہا ہے ایسا صدارتی نظام میں ہوتا ہے کیونکہ صدر کو سارے انتظامی اور ایگزیکٹو اختیارات حاصل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کرتارپور راہدری کے حوالے سے کہا کہ میں پاکستان اور بھارتی حکومت اور عوام کو کرتار پور باڈر کھولنے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں ۔