• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یارخان‘ڈیرہ‘راجن پور‘ لیہ اوربہاولپورمیں بھٹے کھولنے کی اجازت

لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب حکومت نے صوبے کے 11 اضلاع میں اینٹوں کے بھٹے بند رکھنے اور 25 اضلاع میں کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ حکومت ے ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول کرنے اور اسموگ کا سدباب کرنے کے لیے پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کو 30اکتوبر سے 31 دسمبر تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔تاہم اب صوبائی محکمہ ماحولیات نے بعض اضلاع میں بھٹے کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال اور ننکانہ صاحب اضلاع میں اینٹوں کے بھٹے بند رہیں گے اور 25اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم ، چکوال، گجرات، میانوالی، بھکر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان ، راجن پور، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، خوشاب، سرگودھا، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، لودھراں، مظفر گڑھ، سیالکوٹ، پاکپتن، وہاڑی، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کام کرتے رہیں گے۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹوں کے بھٹے کھولنے کا مقصد تعمیراتی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے ،بھٹہ مالکان کو ماحولیات کی شرائط کا پابند کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے بھٹہ مالکان کو بھٹے فوری طور پر نئی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے، لیکن مالکان کا کہنا ہے کہ پرانے بھٹے اتنی جلد نئی ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں کرسکتے۔ بھٹوں کی بندش کے باعث اینٹوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا جس سے تعمیراتی صنعت کو نقصان پہنچا۔
تازہ ترین